دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے 4 مارچ کو ایک بڑے ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے جس میں رواں سال کا سستا ترین آئی فون متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ اگرچہ کمپنی نے ایونٹ کا مقصد واضح نہیں کیا، مگر مختلف رپورٹس یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ اس تقریب میں آئی فون 16 ای کا نیا ورژن ‘آئی فون 17 ای’ کے نام سے پیش کیا جائے گا۔
یہ آئی فون 2026 میں ایپل کا سب سے کم قیمت فون ہوگا جس کی ابتدائی قیمت 599 ڈالرز رکھے جانے کی توقع ہے۔ ڈیزائن کے معاملے میں یہ فون پچھلے سال کے آئی فون 16 ای سے ملتا جلتا ہوگا، لیکن اس میں کچھ ایسی بہترین اپ ڈیٹس کی جا رہی ہیں جو صارفین کو حیران کر دیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سی ڈی 70 اور سی جی 125 اب کتنے کی ملیں گی؟ نئی قیمتوں کی مکمل لسٹ جاری
اس نئے فون میں سب سے نمایاں تبدیلی فرنٹ ڈیزائن میں دیکھنے کو ملے گی۔ جہاں آئی فون 16 ای میں سیلفی کیمرا نوچ ڈیزائن میں تھا، وہیں آئی فون 17 ای میں ممکنہ طور پر ڈائنامک آئی لینڈ یعنی پل (pill) ڈیزائن استعمال کیا جائے گا۔ کارکردگی کے لحاظ سے بھی یہ فون کسی سے کم نہیں ہوگا کیونکہ ایپل اس میں اپنا نیا اے 19 پراسیسر استعمال کر سکتا ہے، جو کہ آئی فون 17 کی کارکردگی کے برابر ہوگا۔
ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری میگ سیف (MagSafe) کی شمولیت ہے۔ آئی فون 16 ای میں صرف سادہ وائرلیس چارجنگ تھی، لیکن آئی فون 17 ای میں تیز رفتار میگنیٹک چارجنگ سپورٹ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، بہتر انٹرنیٹ اسپیڈ اور بجلی کی بچت کے لیے نیا سی 1 ایکشن موڈیم اور وائی فائی و بلیو ٹوتھ کے لیے نئی این 1 وائرلیس چپ بھی اس فون کا حصہ ہوگی۔




