رویت ہلال ریسرچ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات 19 مارچ 2026ء کی شام شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں جس کے باعث پاکستان میں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ 2026ء کو ہونے کی توقع ہے۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 19 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا تاہم اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر رویت کے لیے درکار 19 گھنٹوں سے کم یعنی 13 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا ضروری ہوتا ہے وہ کراچی میں 26 منٹ جبکہ پشاور میں 30 منٹ رہے گا اس لیے مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی چاند کی رویت ننگی آنکھ، دوربین یا ٹیلی سکوپ سے ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹ دستیاب نہیں ہونگے، گورنرسٹیٹ بینک کی وضاحت
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق شوال 1447ھ کا آغاز رمضان المبارک کے 30 روز مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 21 مارچ 2026ء سے ہوگا اور اسی روز ملک بھر میں عیدالفطر منائے جانے کا امکان ہے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے چاند سے متعلق پیشگوئی کی تھی کہ عیدالفطر 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نیا چاند 19 مارچ کی صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگاتاہم اس روز چاند کی عمر صرف 12 سے 13 گھنٹے ہوگی جو رویت کے لیے ناکافی قرار دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کے لیے چاند کی عمر کم از کم 18 سے 20 گھنٹے ہونا ضروری ہوتی ہے، اسی لیے 19 مارچ کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کا چاند 20 مارچ کی شام نظر آنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔
تاہم عیدالفطر کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔




