آئی جی پولیس کی ریڈ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فوڈ راشن تقسیم تقریب میں شرکت

انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر نے ریاست کے معروف نجی تعلیمی ادارے ریڈ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے ریڈ فاؤنڈیشن اسکولوں میں زیر تعلیم سینکڑوں یتیم طالبعلموں کی 400 مستحق فیملیز میں فوڈ راشن تقسیم کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

اس پروقار تقریب میں یتیم طالبعلم بچوں اور ان کی فیملیز کے علاوہ تعلیم کے شعبے اور ریڈ فاؤنڈیشن آرگنائزیشن سے وابستہ کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء میں پروفیسر غلام مصطفیٰ (سابق چیئرمین)، ڈاکٹر عبدالرؤف جنجوعہ (ڈپٹی سی ای او)، سلیم گردیزی (وائس چیئرمین)، شیخ زاہد اقبال (ایکٹنگ ریجنل مینیجر)، ناصر علی ناز (پروجیکٹ آفیسر)، راجہ سمیع اللہ (ریسورس موبلائزیشن آفیسر)، حسنین حیدر (پروجیکٹ آفیسر)، راجہ ضیغم اشرف کیانی (اسسٹنٹ مینیجر) اور اسد اللہ (ایڈمن آفیسر) شامل تھے۔ تقریب کی خاص بات برادر اسلامی ملک ترکیہ سے آئے ہوئے ایک وفد کی شرکت تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس اہلکار کو ہارٹ اٹیک ، آئی جی لیاقت علی ملک ہسپتال پہنچ گئے، خیریت دریافت

انسپکٹر جنرل پولیس نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ریڈ فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اس نیک مقصد کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے مستحق فیملیز میں راشن کی تقسیم اور دیگر فلاحی سرگرمیوں پر ادارے کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ آئی جی پولیس نے آزادکشمیر بھر میں بہترین تعلیمی سہولیات سے آراستہ نجی اسکولز قائم کرنے اور ان میں سینکڑوں یتیم بچوں کو یونیفارم اور کتابوں سمیت مکمل طور پر مفت تعلیم مہیا کرنے پر ادارے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ خطاب کے آخر میں انہوں نے ریڈ فاؤنڈیشن کو مستقبل میں محکمہ پولیس آزادکشمیر کی جانب سے ہر ممکن اور مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔

مزید پڑھیں: کوئی وقت مقرر نہیں کسی بھی آنے والے کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں :آئی جی لیاقت ملک

Scroll to Top