راجہ فاروق حیدر کا راجہ مجاہد خان کی ن لیگ میں شمولیت پر اہم بیان سامنے آ گیا

سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے راجہ مجاہد خان اور دیگر ساتھیوں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پر سب کو مبارکباد دی ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے راجہ مجاہد خان کو جماعت میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمارا ساتھ پہلے بھی رہا ہے لیکن کچھ عرصہ پہلے ایسے حالات بنے کہ علیحدگی ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر شکر گزار ہیں کیونکہ اس شمولیت سے انشااللہ جماعت کی پوزیشن مضبوط ہوگی اور جیتنے والی صورت بنے گی۔ راجہ فاروق حیدر نے بتایا کہ وہ طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے جس پر انہوں نے امیر مقام اور راجہ مجاہد صاحب سے معذرت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق ایم ایل اے راجہ مجاہد ن لیگ میں شامل، ایکشن کمیٹی مذاکرات کی میز پرآئے،امیر مقام

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور راجہ مجاہد ایک ٹیم بن کر اکٹھے چلیں گے اور مل کر کام کریں گے تاکہ مسلم لیگ ن اکثریت حاصل کر کے حکومت بنا سکے۔ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ اور آنے والے حالات میں سیاسی بقا کے لیے مسلم لیگ کی حکومت ناگزیر ہے۔ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت کو سراہتےہوئے کہا کہ پنجاب میں مہاجرین کی دو نشستوں ہیں، مریم نواز صاحبہ نے جو تعمیر و ترقی کا کام شروع کیا ہے وہ ہمارے منشور کا حصہ ہوگا، جس سے ہم آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ 2021 میں جو کام ادھورا رہ گیا تھا اب اس کی تکمیل ہوگی اور جماعت مزید پھیلے گی اور پھولے گی۔

Scroll to Top