نیویارک میں شدید برفباری کے باعث مکمل ٹریول بین نافذ، تعلیمی ادارے بند اور ہزاروں پروازیں منسوخ

نیویارک میں میئر ظہران ممدانی نے شدید برفباری کے امکان کے پیش نظر شہر کے تمام سکولوں کو بند کرنے کا باقاعدہ حکم دے دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک سٹی میں ہنگامی طور پر مکمل ٹریول بین نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت رات 9 بجے سے لے کر اگلے روز دوپہر 12 بجے تک شہریوں کے غیر ضروری سفر پر مکمل پابندی ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں 18 سے 24 انچ اور بعض مخصوص علاقوں میں 28 انچ تک برفباری ہو سکتی ہے۔دوسری جانب، اس شدید برفانی طوفان نے پورے امریکا میں فضائی نظام کو مفلوج کر دیا ہے جس کے باعث اب تک 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔ جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ پر حالات انتہائی سنگین ہیں جہاں سے روانہ ہونے والی 42 فیصد اور وہاں پہنچنے والی 63 فیصد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وینزویلا پر امریکی کارروائی ، میئر نیویارک ظہران ممدانی کا سخت ردعمل آگیا

فیڈرل ایوی ایشن نے صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے نیویارک کے تمام ایئر پورٹس پر گراؤنڈ سٹاپ کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق اتوار کی رات سے پیر کی صبح تک تیز ہواؤں اور شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔

مزید پڑھیں: نیویارک میں آزاد کشمیر کی بیٹی کا بڑا اعزاز: فائزہ علی کمشنر برائے امورِ مہاجرین مقرر

Scroll to Top