نیویارک میں آزاد کشمیر کی بیٹی کا بڑا اعزاز: فائزہ علی کمشنر برائے امورِ مہاجرین مقرر

نیویارک: آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی کشمیری نژاد امریکی فائزہ علی کو نیویارک سٹی میں کمشنر برائے امورِ مہاجرین (MOIA) مقرر کر دیا گیا ہے۔ نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے اس تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

پیشہ ورانہ سفر اور اہم خدمات:

فائزہ علی اس سے قبل نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر کی فرسٹ ڈپٹی چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں، جہاں وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی مسلم امریکی خاتون تھیں۔ انہوں نے لینڈ یوز اور بجٹ مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ وہ ‘عرب امریکن ایسوسی ایشن آف نیویارک’ میں ایڈووکیسی ڈائریکٹر اور ‘کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز’ (CAIR) کے نیویارک چیپٹر میں کمیونٹی افیئرز ڈائریکٹر بھی رہ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر بینک نے کاروباری خواتین کیلئے خصوصی پیکیجز متعارف کرانے کا عندیہ دیدیا

آبائی تعلق اور تعلیم:

کشمیری مہاجرین کی بیٹی فائزہ علی کی پرورش بروکلین میں ہوئی، جبکہ ان کے خاندان کا تعلق آزاد کشمیر کی تحصیل چڑہوئی کے گاؤں چہاولہ سے ہے۔ وہ کشمیری امریکن الائنس کے صدر صغیر خان کی کزن ہیں۔ انہوں نے پیس یونیورسٹی (Pace University) سے پولیٹیکل سائنس میں بیچلر ڈگری حاصل کی ہے۔

ترجیحات اور ردِعمل:

اپنی تقرری پر فائزہ علی کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح مہاجر برادریوں کا تحفظ، قانونی و لسانی خدمات تک رسائی اور استحکام کے مواقع فراہم کرنا ہوگا۔ میئر زہران ممدانی اور نیویارک امیگریشن کولیشن کے صدر مراد عودہ نے اس تقرری کو تارکینِ وطن کی جیت قرار دیتے ہوئے فائزہ علی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس اعزاز پر ان کے آبائی علاقے چڑہوئی میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری