سری نگر(کشمیر ڈیجیٹل )مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑمیں بھارت کی درندہ صفت فوج نے مبینہ طور پر کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جس کے نتیجے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوئے اور بعد میں ان کی موت واقع ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشتواڑ، جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے دو بے گناہ نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہوئے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے اور بعد ازاں ان کی لاشوں کو جلا دیا ۔ بھارتی فوج جو خود کو پیشہ ور قرار دیتی ہے ، مبینہ طور پر زہریلے ہتھیاروں کے پیچھے چھپ کر کارروائیاں کر رہی ہے ۔ مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارتی افواج کشمیریوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے بجائے ایسے اقدامات کر رہی ہیں جوکھلے جنگی جرائم کے زمرے میں آرہا ہے ۔
کشمیر ڈیجیٹل کی رپور ٹ کے مطابق واقعے کی تفصیلات ابھی تک مکمل طور پر سامنے نہیں آئیں اور مقامی انتظامیہ نے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان عام شہری تھے وہ کسی بھی مسلح تنازعے میں شامل نہیں تھے ۔
حقوق انسانی کی تنظیموں نے اس واقعے پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور مقامی اور بین الاقوامی سطح پر فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات عالمی انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں اوراس میں ملوث انڈین فورس کے ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی ضروری ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی فضائیہ کا ’تیجس‘ طیارہ ایک بار پھر حادثے کا شکار، دو سالوں میں تیسرادھچکا
بھارتی فوج نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی سرکاری ردعمل یا وضاحت جاری نہیں کی ہے ۔ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب علاقائی کشیدگی اپنے عروج پر تھی اور معمولی شہری بھی تشدد کا شکار ہو رہے تھے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات بین الاقوامی تنظیموں کی نگرانی میں ہونی چاہئیں تاکہ حقائق سامنے آئیں اور کسی بھی ممکنہ انسانی نقصان یا جرائم کی ذمہ داری طے ہو سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سری نگر میں سید علی گیلانی کا گھر بھارتی انتظامیہ نے ضبط کر لیا
یہ واقعہ ایک بار پھر کشمیر میں جاری کشیدگی کی شدت کو اجاگر کرتا ہے، جہاں شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عام ہو رہی ہیں ۔ مقامی آبادی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے تحفظ اور انصاف کے لیے فوری طور پر اقدامات کرے ۔




