لاہور: شہر میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں کمی بیشی کا رجحان برقرار ہے۔ تازہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 22 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت جاری کر دی گئی ہے ۔
مارکیٹ کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق چھٹی کے دن برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 446 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ قیمت میں اس کمی سے شہریوں کو کچھ حد تک ریلیف ملے گا ۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فارم گیٹ پر زندہ برائلر مرغی کی قیمت 280 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ زندہ برائلر کا تھوک نرخ 294 روپے اور پرچون ریٹ 308 روپے فی کلو طے کیا گیا ہے ۔
تاہم شہریوں کی بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ مختلف علاقوں میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:زیرِ استعمال سونے اور چاندی کے زیورات پر زکوٰۃ کا کیا حکم ہے؟وضاحت سامنے آگئی
متعدد مقامات پر برائلر گوشت مقررہ 446 روپے فی کلو کے بجائے زائد قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے ۔
بعض دکاندار صاف گوشت کے نام پر فی کلو قیمت 550 روپے تک وصول کر رہے ہیں، جس پر صارفین نے تشویش اور ناراضی کا اظہار کیا ہے ۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ اوورچارجنگ کے خلاف سخت کارروائی کرے اور سرکاری نرخوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ فی درجن انڈوں کی سرکاری قیمت 236 روپے برقرار ہے، جبکہ ایک پیٹی کا تھوک نرخ 6 ہزار 960 روپے مقرر کیا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد انتظامیہ کا بڑا فیصلہ: اب موٹر سائیکلوں پر بھی ایم ٹیگ لگانا لازمی قرار
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹوں میں نگرانی کا مؤثر نظام بھی قائم کیا جائے ۔



