ماہ رمضان میں روزے داروں میں پیٹ میں گیس، تیزابیت، بدہضمی، قبض اور پیٹ پھولنے کی شکایات عام ہو جاتی ہیں، جس کی سب سے بڑی وجہ کھانے میں احتیاط نہ کرنا اور سحری و افطار میں غیر صحت مند عادات اپنانا ہے ۔
حکیم نذیر شاہ کے مطابق زیادہ تر لوگ سحری اور افطار میں جلدی یا زیادہ کھا کر لیٹ جاتے ہیں، جس سے معدے پر دباؤ بڑھتا ہے اور روزہ دار مختلف تکالیف کا شکار ہو جاتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سحری میں خاص طور پر پیٹ بھرا ہوا محسوس نہ ہو اور کھانا آہستہ چبا کر کھایا جائے۔ اس کے علاوہ، پیٹ میں گیس، بدہضمی، قبض اور پیٹ پھولنے کی صورت میں ایک قدرتی نسخہ بھی مفید ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صحت کارڈسہولت بحال،راولپنڈی سمیت متعدد ہسپتال شامل کرلئے، بازل علی نقوی
اس کے لیے سوکھے لیموں 50 گرام، انار دانہ 50 گرام، پودینہ دیسی 50 گرام اور سونف 50 گرام ملا کر پاؤڈر بنا لیں۔ سحری اور افطار کے بعد ایک چائے کا چمچ پاؤڈر پانی کے ساتھ لینا معدے کی تیزابیت، گیس، پیٹ کے اپھارے اور منہ کے کڑوا ہونے سمیت دیگر کئی مسائل سے نجات دیتا ہے ۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رمضان میں بدہضمی اور معدے کی جلن کے لیے سوڈا والے مشروبات پینا خطرناک ہے کیونکہ ان میں موجود سوڈا پیٹ میں پہلے سے موجود تیزابیت کے ساتھ مل کر اسے بڑھا دیتا ہے ۔
اسی طرح چائے اور کافی میں موجود کیفین بھی معدے کے افعال کو سست کر دیتی ہے، جس سے افطار کے فوری بعد ہاضمہ کا عمل متاثر ہوتا ہے اور معدے کی جلن کی شکایت بڑھ جاتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صدقہ فطر اور فدیہ کی رقم کتنی ہوگی؟ نئی لسٹ جاری
حکیم نذیر شاہ کا مشورہ ہے کہ ماہ رمضان میں معتدل اور آہستہ کھانا، سحری میں بھاری کھانے سے گریز اور قدرتی نسخے استعمال کرنا روزے داروں کو معدے کی تکالیف سے بچانے اور مجموعی صحت بہتر بنانے کا آسان اور مؤثر طریقہ ہے ۔




