زمین

اپریل سے کسانوں کو مفت زمین ملنا شروع ہو جائے گی : مریم نواز

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اپریل 2026 سے صوبے میں “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے تحت کسانوں کو مفت سرکاری زمین فراہم کی جائے گی ۔ اس اسکیم کا مقصد زرعی شعبے کو مضبوط کرنا اور دیہی معیشت کو فروغ دینا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کی تمام قابل کاشت سرکاری زمین کسانوں کو 10 سالہ لیز پر دی جائے گی۔ ہر مستحق کسان کو 5 ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی اور اس کے عوض کسی قسم کی فیس یا معاوضہ وصول نہیں کیا جائے گا ۔

اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کا ارادہ یہ بھی ہے کہ کسانوں کو مالی امداد بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ فوری طور پر زمین پر کا شت کاری شروع کر سکیں اور اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:غریب خاندانوں کو 3 سے 5 ایکڑزمین الاٹ کی جائے گی،مریم نواز

مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف کسانوں کی زندگیوں میں بہتری لائے گا بلکہ دیہی معیشت کو بھی مضبوط کرے گا ۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہر محنتی کسان کو اپنا کھیت اور روزگار میسر ہو ۔

واضح رہے کہ اس اسکیم کا اعلان انہوں نے 4 فروری 2026 کو راجن پور میں الیکٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا گیا تھا ۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا تھا کہ تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ سرکاری زمین غریب اور مستحق افراد کو فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اسکیم کی مکمل تفصیلات اور درخواست دینے کے طریقہ کار کو جلد عوام کیلئے جاری کیا جائیگا تاکہ اہل کسان آسانی سے اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں ۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ زمین کی تقسیم شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگی تاکہ حقیقی مستحق افراد کو ترجیح دی جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ مریم نواز کا نوجوانوں کو 3 لاکھ تک بلاسود قرضہ دینے کا اعلان

اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ متوقع ہے، جس سے پنجاب کی مجموعی ترقی اور دیہی معیشت میں نیا حوصلہ پیدا ہوگا ۔

Scroll to Top