مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب خان نے کہا ہے کہ جنگلات پاکستان کی صنعتی، زرعی، معاشی اور توانائی کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں ۔ حکومت ان کے تحفظ اور اضافے کیلئے تمام وسائل بروکار لا رہی ہے ۔
وزیر جنگلات نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء شجرکاری میں ہے۔ ہمیں مل کر کلین اینڈ گرین آزاد کشمیر بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے تاکہ یہ خطہ سرسبز اور خوبصورت رہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ شجرکاری صدقہ جاریہ کے مترادف ہے اور ہمارے مستقبل کی حفاظت اس سے وابستہ ہے ۔
سردار جاوید ایوب خان نے کہا کہ موجودہ حکومت آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے بھی تمام وسائل بروکار لا رہی ہے۔ جنگلات نہ صرف انسانیت بلکہ جنگلی حیات کی بقاء کیلئے بھی ناگزیر ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ اس میں اپنا فعال کردار ادا کریں ۔ سبز درختوں کی کٹائی کیلئے کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے ۔ مکانات کی تعمیر کیلئے دیودار کے بجائے فرکا کے استعمال پر زور دیا گیا تاکہ قیمتی درخت محفوظ رہ سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی سیاسی پارٹیوں کی نعم البدل ہے نہ ہمیں ان سے کوئی خطرہ ہے، سردار جاوید ایوب
انہوں نے کہا کہ دنیا میں گلوبل وارمنگ کے باعث درجہ حرارت دن بہ دن بڑھ رہا ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے ۔ عوام اور محکمہ جنگلات کو مل کر زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور شجرپروری کے حوالے سے شعور بیدار کرنا چاہیے ۔ آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز اور شاداب ملک بنایا جا سکتا ہے ۔
وزیر جنگلات نے کہا کہ درخت انسان کو اکسیجن فراہم کرتے ہیں اور کہیں بھی درخت کٹنے سے اس کے منفی اثرات پوری دنیا کے ماحول پر پڑتے ہیں ۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ جنگلات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، جس سے دنیا کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دنیا کے نایاب اور قیمتی درخت پائے جاتے ہیں، اور یہاں ہر موسم میں شجرکاری ممکن ہے ۔ شجرکاری کی مانیٹرنگ اور عوامی شعور کے لیے میڈیا اپنا مؤثر کردار ادا کرے تاکہ اچھے اقدامات کی حوصلہ افزائی ہو ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار عبدالقیوم خان ادارہ جاتی سے زیادہ ووٹ کی طاقت سے احتساب کے حامی تھے، جاوید ایوب
سردار جاوید ایوب خان نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کا خطہ بہت زرخیز ہے اور ہمارے بچوں کا مستقبل ان درختوں سے جڑا ہوا ہے ۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا واحد مؤثر طریقہ شجرکاری اور جنگلات کے تحفظ کے ذریعے ممکن ہے ۔




