ایکشن کمیٹی سیاسی پارٹیوں کی نعم البدل ہے نہ ہمیں ان سے کوئی خطرہ ہے، سردار جاوید ایوب

مظفر آباد( کشمیر ڈیجیٹل) پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات ، وزیر وائلڈ لائف سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ ایکشن کمیٹی کسی صورت سیاسی جماعتوں کی نعم البدل نہیں ہے، ہم بھاری ووٹ لے کر اسمبلی میں آئے ہیں، حلقے سے500 لوگ احتجاج کرتے ہیں تو کوئی ایشو نہیں ہے۔

کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سردار جاوید ایوب نے کہا کہ آزادکشمیر میں کثیر الجماعتی حکومت کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا، انوارالحق کومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، اتحادیوں اور وزیراعظم نے بہتر انداز میں بڑے فیصلے لئے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں شکایات کا سلسلہ جاری رہتا ہے، حکومت نے محکمہ صحت کی طرف توجہ دیتے ہوئے پیکیج دیا ہے، ملازمین کی حاضری یقینی بنائی، صحت کارڈ بحال کررہے ہیں۔ہم نے ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری یقینی بنائی ہے اور مانیٹرنگ بھی کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زلزلہ کے بعد سور آزادکشمیر میں منتقل ہوئے جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں، ہم آگاہی مہم چلا رہے ہیں، اسمبلی میں معاملہ آیا اور کمیٹی بنی تو کچھ دوستوں نے اسے طنزیہ لیا،ہم ماہرین کی رائے لے کر اقدامات اٹھائیں گے۔

وزیر وائلڈ لائف نے کہا کہ چیتا انسانوں کو بہت کم نقصانات پہنچاتا ہے، جنگلی حیات کا ہونا ضروری ہے، حکومت کی یہ ذمہ داری ضروری ہے کہ ان کی مناسب تعداد ہو۔لوگ مویشیوں کو باڑوں میں بند رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سازی کے عمل کا حصہ ضرور بنے ہیں لیکن اپنی نظریاتی سیاست پر قائم ہیں، حکومت میں بیانیہ بے شک انوارالحق کا ہی چلے گا لیکن الیکشن ہم کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے،پیپلزپارٹی نے ہر دور میں بہترین پرفارمنس دی ہے اسی وجہ سے ہمیشہ آزادکشمیر کے عوام نے ہمیں سپورٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی ادارے بے اختیار،عوامی ایکشن کمیٹی الیکشن سے لاتعلق نہیں رہ سکتی، امجد علی خان

Scroll to Top