جامعہ کشمیر میں مالی بحران کی بڑی وجہ کرپشن،زائد بھرتیاں ہیں، چوہدری انوارالحق کا انکشاف

مظفرآباد: سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس میں ممبر اسمبلی نثارہ عباسی کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر جامعہ کے اساتذہ و ملازمین کی ہڑتال کے نتیجے میں طلبا کاتدریسی عمل متاثر ہونے اور جامعہ کشمیر کے مالی بحران کے تدارک کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس جمع کرا دیا۔

سپیکر اسمبلی نے توجہ دلائو نوٹس پر کہا کہ معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے جس سے ہماری نسل نو کا مستقبل وابستہ ہے، جامعہ کشمیر میں رجسٹرار اور ڈائریکٹر فائنانس کی اسامیوں پر پیشہ ور افراد کی تعیناتی عمل میں لائی جانی چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ کشمیر شدید مالی بحران کا شکار، تعلیمی امور متاثر ہونے کا خدشہ

سپیکر اسمبلی نے جامعہ کشمیر کے مالی نگران کے حل کیلئے جامعہ کشمیر کے ایکٹ میں ترمیم کیلئے مسودہ تیار کر کے ایوان کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی ہدایت کی۔

توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئےقائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سب سے بڑی یونیورسٹی میں مالی بحران کے نتیجے میں جامعہ کشمیر عملی طور پر غیر فعال ہو گئی ہے ۔

طلبا کا تدریسی عمل متاثر ہو گیا ہے جو ہم سب کیلئے انتہائی افسوسناک ہے۔ اساتذہ، ملازمین کی تنخواہوں،پنشن کیلئے پیسے نہیں ہیں۔

قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے ایوان میں جامعہ کشمیر کے مالی بحران کے مستقل حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی۔

توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم و ممبر اسمبلی چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جامعہ کشمیر میں مالی بحران کی اصل وجہ ضرورت سے زیادہ ملازمین کی بھرتی، مالی بے قاعدگیاں اور بد انتظامی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جامعہ کشمیر مظفرآباد طلبہ کا احتجاج، چہلہ کیمپس تدریسی سرگرمیاں معطل

انہوں نے قائد حزب اختلاف کی کمیٹی بنانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اصل وجوہات کو سمجھتے ہوئے جامعہ کشمیر کا فائنانشل ڈسپلن بہتر بنانے کیلئے سرجیکل انٹرونشن کرنے کی ضرورت ہے۔

دریں اثناء سپیکراسمبلی چوہدری لطیف اکبرنے آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس17 فروری بروز منگل دن 02:00بجے تک ملتوی کر دیا ۔

Scroll to Top