گلگت بلتستان کے علاقے خیبر گوجال میں آئس کلائمبنگ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں پاکستان کے نامور نوجوان کوہ پیما شاہ دولت شمشالی جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مہم کے دوران پھسلن کے باعث شاہ دولت شمشالی گہری کھائی میں جا گرے اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
یہ بھی پڑھیں: 10خواتین کوہ پیماؤں نے 5400 میٹر بلند بری لا چوٹی سر کرلی، آزادکشمیر سے مونا خان شامل
شاہ دولت کا شمار پاکستان کے باصلاحیت اور نڈر کوہ پیماؤں میں ہوتا تھا، جنہوں نے کم وقت میں دنیا کی مشکل ترین آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں کو سر کر کے عالمی سطح پر پہچان بنائی۔
انہوں نے کے ٹو، نانگا پربت اور گاشر برم ٹو سمیت چار بلند چوٹیاں سر کیں جبکہ نانگا پربت اور گاشر برم ون بغیر اضافی آکسیجن کے سر کرنا ان کا ایک غیر معمولی اعزاز تھا۔
مرحوم شاہ دولت Summit Experts Adventure Tours کے بانی بھی تھے اور نوجوانوں کو کوہ پیمائی اور ایڈونچر ٹورازم کی جانب راغب کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے تھے جبکہ ان کی تدفین آبائی گاؤں شمشال ہنزہ میں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لیلیٰ پیک سرکرتے جان گنوانے والی جرمن کوہ پیما کی انوکھی وصیب سامنے آگئی
سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن سمیت سیاسی وسماجی رہنمائوں ، کوہ پیمائوں نے نامور نوجوان کوہ پیما شاہ دولت شمشالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ دولت شمشالی کے انتقال کو نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قراردیا ہے۔
یاد رہے کہ گلگت بلتستان کی چوٹیوںپر عموماً کوہ پیما حادثات کا شکار ہو کر جان گنوا بیٹھتے ہیں، کئی غیر ملکی کو ہ پیما بھی ان پہاڑیوں کی نذر ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کوہ پیما شاہ دولت نے بغیر آکسیجن گیشربرم ون چوٹی سر کرلی




