اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جہدوجہد آزادی میں کشمیری تنہا نہیں پاکستان ان کے شانہ بشانہ ہے۔
5 فروری کے دن کی مناسبت سے مظفرآباد کے مہاجرین کیلئے الائونس بڑھا کر پانچ ہزارروپے کر دیا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف اس حوالے سے باضابطہ اعلان مظفرآباد میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کی پوری ٹیم کو داد دیتا ہوں جنہوں نے سب کچھ چھوڑ کر کشمیر کا ایشو زندہ رکھا ہوا ہے،کشمیر بنے گا پاکستان ۔
کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا،بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے
5 فروری کو پوری قوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجتی کے لیے سڑکوں پر نکلے گی،کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر امور کشمیر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان وسیفران چوہدری انوار الحق، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کشمیر وگلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج کی گفتگو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہے جس پر پوری پاکستانی قوم متحد اور یکسو ہے۔انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیری بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں۔
ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شہید ہوئے،لوگوں کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں سچ بولنے والے رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:5ہزار کے نوٹ ختم نہیں کئے جارہے،پلاسٹک کرنسی زیرتجویز، گورنر اسٹیٹ بینک
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لیڈر پاکستانیت اور حق خودارادیت کی بات کرتے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے لیڈر یہ بات کرتے ہیں کہ ہمیں حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ فروری کشمیریوں اور پوری دنیا کو پیغام دینے کیلئے منایا جاتا ہے،ہمارا یہ پیغام ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کشمیری آج بھی تمام مظالم برداشت کر رہے ہیں، کشمیری اکیلے نہیں ہیں ہم سب ان کے ساتھ ہیں، پانچ فروری کو پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈے کے موقع پر کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی،کشمیر کا معاملہ ہر ایک پاکستانی کا مسئلہ ہے۔
پاکستان کے کونے کونے سے پیغام جانا چاہیے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھے ہیں،ہر صوبے سے کشمیر کیلئے آواز جانی چاہیے ہر صوبے میں کشمیر کے حوالے سے واکس ہونگی۔
وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف مظفرآباد جائیں گے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے،معرکہ حق میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی اور نیا جذبہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ایک منسٹر نے کہا کہ مئی کے بعد پاکستان اب آسمانوں کا چیمپئن بن کر سامنے آیا ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیڈ کیا اور ہم نے جنگ جیتی، پاکستان کا مقام دنیا میں بلند ہوا۔
پوری دنیا میں بیداری آئی ہے،دنیا سمجھتی ہے کہ خطے میں امن کے لیے کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہوگا،پاکستانیت کا جذبہ لے کر کل پانچ فروری کے دن سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
مقبوضہ کشمیر جیل بنا ہوا ہے لاکھوں کی فوج وہاں موجود ہے،مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو کوئی اجازت نہیں کہ کوئی بات کی جا سکے ،ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے حق کی بات کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو معطل کر کے باہر کے لوگوں کو مقبوضہ کشمیر میں بسایا گیا،جب تک مسئلہ کشمیر حل نہ ہو اس خطے میں عدم استحکام رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے پاس تعداد جتنی بھی ہو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلی کو واضح کیا کہ صوبے میں جو دہشت گردی ہو رہی ہے اس پر سب کو مل جل کر چلنا چاہیے۔
وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کی تکلیف ہماری تکلیف ہے،خیبرپختونخوا کے عوام کی بات ہوگی تو وزیر اعلیٰ کے ساتھ دو قدم آگے کھڑے ہونگے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تمام لوگوں کی طرف سےحکومت پاکستان اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہر وقت کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔۔
پاکستان کے اپنے بے شمار مسائل ہیں لیکن جس طریقے سے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوئی انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایک دن کی یکجہتی سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا تو میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان اس کشمیری قوم سے یکجہتی کر رہا ہے جس نے اس ملک میں شامل ہونے کی قرارداد منظور کی تھی،یکجہتی کے حوالے سے پورا سال کام کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے پاکستان کی پالیسی واضح کر دی،پالیسی یہی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔
کشمیریوں کو حق دیا جائے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ،ہم نے فیصلہ کر لیا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔




