پاکستان کا بڑا فیصلہ، پی ایس ایل 11 کے میچز بھارت میں نشر نہیں ہوں گے

پاکستان نے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا ہےجس کے تحت پی ایس ایل کے میچز بھارت میں نشر نہیں کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ پاکستان سپر لیگ کے بین الاقوامی میڈیا رائٹس کے نئے معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے، جسے لیگ کی عالمی سطح پر توسیع کی ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق پاکستان سپر لیگ نے آئندہ سیزن کے لیے اپنے بین الاقوامی میڈیا رائٹس کامیابی سے فروخت کر دیے ہیں۔ یہ پیش رفت اس بات کی عکاس ہے کہ پی ایس ایل مسلسل عالمی سطح پر اپنی شناخت اور رسائی کو وسعت دے رہی ہے، جبکہ اس کی برانڈ ویلیو میں نمایاں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11کیلئے ریٹینشن کااعلان،بڑی تبدیلی، اہم کھلاڑی فرنچائزز سے ریلیز

پی ایس ایل 11 کے لیے گلوبل میڈیا رائٹس ایک سالہ معاہدے کے تحت فروخت کیے گئے ہیں، تاہم اس بار انڈیا ریجن کو اس معاہدے سے مکمل طور پر مائنس کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز بھارت میں ٹیلی کاسٹ نہیں ہوں گے، جو لیگ کی تاریخ میں ایک اہم اور نمایاں پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

میچز دکھانے کے حقوق اس ٹیکنالوجی کمپنی کو دیے جائیں گے جس نے پی سی بی کی مقررہ ریزرو قیمت سے زیادہ بولی دی اور سب سے زیادہ کامیاب بولی دہندہ قرار پائی۔ اس نئے معاہدے کو اگر گزشتہ دور سے موازنہ کیا جائے تو اس میں تقریباً 149 فیصد اضافے کی نمائندگی ہوتی ہے، جو دنیا بھر میں پاکستان سپر لیگ کی بڑھتی ہوئی برانڈ ویلیو کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے بین الاقوامی میڈیا رائٹس کی فروخت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بین الاقوامی میڈیا رائٹس کی فروخت کے نتائج سے بے حد خوش ہیں، جس میں 149 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت کا تاریخی ریکارڈ قائم

انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ پی ایس ایل برانڈ، اس کے مسابقتی معیار اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین میں اس لیگ کی بڑھتی ہوئی کشش کی تصدیق ہے۔

Scroll to Top