مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال کے بعد صدر کے عہدے کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں ۔
باخبر ذرائع کے مطابق مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے صدارت کے حصول کیلئے اسلام آباد اور مظفرآباد میں لابنگ شروع کر دی ہے جبکہ پس پردہ رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ بھی زور و شور سے جاری ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ریاست کے منصب کو آئینی اور علامتی حیثیت حاصل ہونے کے باعث مختلف سیاسی جماعتیں اس عہدے پر اپنے تجربہ کار اور بااثر رہنماؤں کو لانے کی خواہاں ہیں۔ اس سلسلے میں جن ناموں پر غور کیا جا رہا ہے ۔
ان میں سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، راجہ فاروق حیدر خان، سردار محمد یعقوب خان، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان، سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور سابق ترجمان دفتر خارجہ محترمہ تسنیم اسلم بھی شامل ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود میرپور میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک
سیاسی حلقوں کے مطابق اُمیدواران کی جانب سے پارٹی قیادت، پارلیمانی اراکین اور بااثر شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ حمایت حاصل کی جا سکے ۔ اسلام آباد میں مرکزی سیاسی قیادت سے رابطوں کو بھی غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے ۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ (ن) سے وابستہ کسی شخصیت کے صدر منتخب ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، تاہم تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے بعض نام بھی منظرنامے سے مکمل طور پر خارج نہیں کیے جا رہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، متعدد دہشت گرد ہلاک
سیاسی مبصرین کے مطابق صدر ریاست کے انتخاب میں پارلیمانی نمبرز، جماعتی مفاہمت اور وفاقی سطح پر سیاسی ہم آہنگی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ حتمی فیصلہ آئندہ دنوں میں متوقع ہے، جبکہ صدر کے انتخاب کیلئے آئینی طریقہ کار کے تحت مشاورت کا عمل جاری رہے گا ۔




