نماز

بھارت، خاتون کی مصروف سڑک پر نماز پڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک مصروف ترین سڑک پر بزرگ خاتون کی جانب سے نماز ادا کرنے کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کیرالہ کے ضلع پالکڑ میں پیش آیاجہاں تقریباً 60 سالہ خاتون نے شہر کی ایک مرکزی اور مصروف سڑک کے درمیان اچانک نماز پڑھنا شروع کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بُری طرح متاثر ہوئی۔

خاتون سفید رنگ کا لباس پہنے ہوئے تھیں اور ان کے اس عمل کی وجہ سے گاڑیوں کی رفتار کم ہو گئی، جس سے سڑک پر ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہو گئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سنگاپور کا پاکستانی طلبہ کیلئے این ٹی یو گلوبل کنیکٹ فیلوشپ کا اعلان

واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے خاتون کو سڑک سے ہٹا کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا اور انہیں کچھ دیر کیلئے حراست میں لیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون طویل عرصے سے اپنے شوہر کے خاندان کیساتھ اراضی تنازعے میں الجھی ہوئی تھیں اور انصاف کے حصول کیلئے مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگا لگا کرذہنی دباؤ کا شکار ہو چکی تھیں ۔

پولیس حکام کے مطابق خاتون انتہائی پریشان اور جذباتی حالت میں تھیں اور خدشہ ہے کہ اس وقت ان کی ذہنی کیفیت بھی مکمل طور پر درست نہیں تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ تاثر ملا ہے کہ خاتون نے احتجاج کے طور پر سڑک کے درمیان نماز ادا کی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکا:سالگرہ کے غیرمعمولی تحفے نے خاتون کو ہزاروں ڈالرکامالک بنا دیا

حکام کامزید کہنا ہے کہ خاتون کی عمر اور ذہنی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ بعد ازاں پولیس نے خاتون کے بھائی کو تھانے طلب کیا اور انہیں وارننگ دے کر بھائی کے ہمراہ گھر روانہ کر دیا ۔

Scroll to Top