کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) انجمن تاجران ناڑ کے صدرراجہ اسرار نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئندہ ان کا کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں اسرار راجہ کا کہنا تھا کہ جب تک جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی عوامی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرتی رہی ہم نے اس میں بھرپور کردار ادا کیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی سے مزید نرمی نہیں برتی جائیگی، اب کارروائی ہوگی، طلال چوہدری
انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ایکشن کمیٹی کالعدم ہو چکی ہے اور اس کی موجودہ سمت ان کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتی، اس لیے انہوں نے اس سے لاتعلقی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے پُرامن جدوجہد کے حامی رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی پُرتشدد سرگرمیوں کی حمایت نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو کسی ادارے کے خلاف ہیں اور نہ ہی تشدد پر یقین رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر فورسز پر حملے،کالعدم ایکشن کمیٹی کے جتھے بے نقاب،عوام نے فوری آپریشن کا مطالبہ کردیا
اسرار راجہ نے مزید کہا کہ عوامی حقوق کیلئے جب بھی کوئی پُرامن آواز بلند ہوگی وہ اس کا بھرپور ساتھ دیں گے اور اپنے اصولوں کے مطابق پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔




