اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی وفات نہ صرف آزاد جموں و کشمیر بلکہ پوری قوم کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیرِ اعظم نے مرحوم کی سیاسی، عوامی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ایک مدبر، زیرک اور بصیرت افروز سیاست دان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقوق کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔
ان کا شمار ان رہنماؤں میں ہوتا تھا جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مسلسل اور مؤثر جدوجہد کی ۔ انہوں نے ہر فورم پر کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز بلند کی اور حقِ خودارادیت کیلئے کشمیریوں کے مؤقف کی نمائندگی کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں کینسر کے علاج کیلئے ہسپتال کا قیام خوش آئند ہے، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں جمہوری اقدار کے فروغ، ادارہ جاتی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں ۔
ان کی قیادت میں آزاد کشمیر کو درپیش کئی سیاسی و سماجی چیلنجز کا دانشمندانہ انداز میں سامنا کیا گیا۔ کشمیری عوام کے لیے ان کی خدمات اور کشمیر کاز کے لیے ان کی جدوجہد کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
پرائم منسٹر محمد شہباز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے ایک عظیم رہنما اور مخلص خدمت گار کھو دیا ہے، جس کا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں ہو سکے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر ، کینسر کے مریضوں کو 24گھنٹے سہولیات فراہم کی جائیں، شہباز شریف
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے ۔




