واشنگٹن: امریکا میں سالگرہ کے موقع پر دوست کی جانب سے دیا گیا ایک غیرمعمولی تحفہ خوش قسمتی کی علامت بن گیا، جب ایک خاتون نے لاٹری ٹکٹ سے ہزاروں ڈالر کا انعام جیت لیا ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کینٹن سے تعلق رکھنے والی وینڈی نامی خاتون کو ان کی سہیلی نے سالگرہ کے موقع پر اوہائیو لاٹری کے 60 سکریچ آف ٹکٹس تحفے میں د ئیے، جو گلدستے کی شکل میں سجائے گئے تھے ۔
وینڈی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدا میں وہ اس تحفے کو محض ایک تفریحی سرپرائز سمجھ رہی تھیں، تاہم جب انہوں نے گھر پہنچ کر ایک ایک کر کے ٹکٹس کو سکریچ کرنا شروع کیا تو معاملہ بالکل مختلف نکلا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیشتر ٹکٹس معمول کے مطابق بغیر کسی انعام کے نکلے لیکن وہ مایوس نہیں ہوئیں اور تمام ٹکٹس چیک کرنے کا فیصلہ کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل فی لیٹر 11روپے اضافہ،نوٹیفکیشن جاری
وینڈی کے مطابق سب سے زیادہ سنسنی خیز لمحہ اس وقت آیا جب انہوں نے آخری ٹکٹ کو سکریچ کیا، جس میں 20 ہزار ڈالر کے انعام کا اعلان ہوا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ ان کیلئے ناقابلِ یقین تھا اور وہ کچھ دیر تک اس خوشخبری پر یقین ہی نہیں کر پا رہی تھیں ۔
انہوں نے بتایا کہ اس کامیابی کو مزید یادگار اس بات نے بنا دیا کہ جیتنے والا ٹکٹ بالکل آخری نکلا، جس نے پوری صورتحال کو ڈرامائی رنگ دے دیا ۔ وینڈی نے اپنی دوست کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کی یادگار ترین سالگرہ ثابت ہوئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی وزیرِاعظم مودی کانام ایپسٹین فائلز میں شامل، اپوزیشن کی شدید تنقید
اوہائیو لاٹری حکام کے مطابق ایسے واقعات شاذ و نادر ہی سامنے آتے ہیں، تاہم یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ لاٹری ٹکٹس بعض اوقات غیرمتوقع خوشیاں لے آتے ہیں ۔ وینڈی کا کہنا تھا کہ وہ اس انعامی رقم کو دانشمندی سے استعمال کریں گی اور اپنی مستقبل کی ضروریات پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں ۔




