چکار کے4 بڑے منصوبے 100 روزہ پلان میں شامل کرنے کامطالبہ زورپکڑ گیا

چکار (کشمیر ڈیجیٹل، عمر بھٹی راجپوت) چکار سب ڈویژن کے عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ  100 روزہ ترقیاتی پلان میں چار اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔

عوامی حلقوں کے مطابق یہ منصوبے محض ترقیاتی سرگرمیاں نہیں بلکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کے مسائل کے حل، انسانی جانوں کے تحفظ اور علاقے میں سیاحت و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

مطالبات میں چکار میں جدید بس اڈے کا قیام، چکار بازار بائی پاس کی تعمیر، ریسکیو 1122 کے مکمل سیٹ اَپ کا قیام اور جھیل زلزالہ کی حفاظتی فینسنگ سمیت سیاحتی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کو بڑا دھچکا ، صدر انجمن تاجران ناڑ راجہ اسرار کا لاتعقی کا اعلان

پہلا مطالبہ: چکار میں جدید بس اڈے کا قیام

چکار بازار میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ، گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ اور مسافروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر جدید بس اڈے کا قیام ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹاؤن کمیٹی چکار کے زیرانتظام مناسب جگہ مختص کرکے مسافروں کے لیے انتظار گاہ، پارکنگ اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بازار میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

دوسرا مطالبہ: چکار بازار بائی پاس کی تعمیر

چکار بازار میں آئے روز ٹریفک کے دباؤ اور آمدورفت میں مشکلات کے خاتمےکیلئے بائی پاس کی تعمیر کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور ہائی وے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ منصوبے کی فزیبلٹی، سروے، تخمینہ لاگت اور اراضی کی نشاندہی کا عمل مکمل کرکے تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے۔

تیسرا مطالبہ: ریسکیو 1122 کا مکمل سیٹ اَپ قائم کیا جائے

چکار اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک حادثات، لینڈ سلائیڈنگ، آتشزدگی، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 کا مستقل اور فعال مرکز قائم کیا جائے۔
 اس مقصد کیلئے ایمبولینسز، فائر بریگیڈ، ریسکیو گاڑیاں، جدید آلات اور تربیت یافتہ عملہ فراہم کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔

چوتھا مطالبہ:
جھیل زلزالہ کی فینسنگ اور سیاحتی سہولیات کی فراہمی

چکار سب ڈویژن کا قدرتی حسن جھیل زلزالہ سیاحتی اعتبار سے نمایاں اہمیت رکھتی ہے، تاہم اسے ایک محفوظ اور معیاری سیاحتی مقام بنانے کے لیے بنیادی اقدامات کی ضرورت ہے۔
محکمہ سیاحت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جھیل کے گرد حفاظتی فینسنگ، آمدورفت کیلئے مناسب راستے، سیاحوں کے بیٹھنے کی جگہیں، پارکنگ، رہنمائی کے سائن بورڈز اور روشنی سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سیاحوں کو بہتر ماحول میسر آئے اور مقامی سطح پر روزگار و معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

عوامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر، متعلقہ وزراء اور محکموں کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ چکار سب ڈویژن کے ان چاروں اہم منصوبوں کو مجوزہ 100 روزہ ترقیاتی پلان کا حصہ بنایا جائے اور محض اعلانات کے بجائے ان پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ چکار کے عوام بھی بنیادی شہری سہولیات، محفوظ سفری نظام، ہنگامی امدادی خدمات اور سیاحتی ترقی کے یکساں حق دار ہیں، لہٰذا ان دیرینہ عوامی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔