تہران:ایران نے یورپی ممالک کی افواج کو دہشتگرد تنظیمیں قرار دیدیا۔پاسداران انقلاب کیخلاف یورپی اقدام پر ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کا رد عمل سامنے آگیا۔
علی لاریجانی نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین ایران کے داخلی قانون سے یقینا ًآگاہ ہے اور وہ تمام ممالک جنہوں نے پاسدارانِ انقلاب کے خلاف یورپی یونین کی حالیہ قرارداد میں حصہ لیا، ان کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں تصور کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران کشیدگی میں یورپی یونین کی انٹری،پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا
علی لاریجانی نے کہا کہ اس اقدام کے نتائج کی ذمہ داری ان ہی یورپی ممالک پر عائد ہوگی جنہوں نے اس قسم کے فیصلے کیے ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ نے پاسداران انقلاب سے متعلق قانون اپریل2019 میں منظور کیا تھا، ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی قانون پاسدارن کوبلیک لسٹ کرنے والوں کو دہشتگرد قرار دیتا ہے۔
ایک روز قبل یورپی یونین نے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایران کی مسلح افواج نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر منطقی، غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو ایک اور دھمکی،تہران کا بھی شدید ردعمل آگیا
یاد رہے کہ پاسداران انقلاب ایران کی مسلح افواج کا ایک اہم حصہ ہے جسے 1979 کے ایرانی انقلاب کے بعد قائم کیا گیا تھا۔
یہ ایرانی فوج کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور براہ راست ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جواب دہ ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے مابین ان دنوں سخت کشیدگی ہے اور امریکا نے بحری بیڑہ امریکاکی طرف روانہ کیا ہے ۔




