ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو ایک اور دھمکی،تہران کا بھی شدید ردعمل آگیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بحری بیڑا تیزی سے بھرپور طاقت، جوش اور واضح مقصد کے ساتھ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے جس پر ایرانی وزیر خارجہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریکر پر ہیں۔

امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بہت بڑا بحری بیڑا ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑے بیڑے کی قیادت عظیم طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران ہم سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے، ڈونلڈٹرمپ کا دعویٰ

ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کی طرح یہ بحری بیڑا بھی ضرورت پڑنے پر طاقت، تشدد سے اپنے مشن کو فوری مکمل کرنے کا اہل ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایران جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آئے گا، امید ہے ایران منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات چیت کرے گا، کوئی جوہری ہتھیار نہیں، ایسا معاہدہ جو تمام فریقین کے لیے بہتر ہو۔

ٹرمپ نے کہا کہ وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور معاملہ واقعی نہایت اہم ہے، میں نے ایران سے پہلے بھی کہا تھا معاہدہ کرلو، ایران نے ایسا نہیں کیا اور پھر آپریشن مڈنائٹ ہیمر ہوا، ایران کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو معاہدہ نہ کرنے پر بدترین حملے کاسامنا کرنےکی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ شدید ہوگا، ایسا دوبارہ نہ ہونے دیں۔

ادھرایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی فورسز کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ شفاف جوہری معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے، ایسا جوہری معاہدہ جس میں جوہری ہتھیار نہ ہوں اور جو ایران کے حقوق کو یقینی بنائے، کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر کا سعودی ولی عہد سے اہم رابطہ،ایران کیخلاف جارحیت مسترد کرتے ہیں،شہزادہ محمد

اس کے علاوہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر علی شامخانی نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی طرف سے فوجی کارروائی ہوئی تو امریکا،اسرائیل اور ان کے حمایتیوں کو نشانہ بنائیں گے۔

علی شامخانی نے کہا کہ امریکا کی طرف سے محدود حملےکی بات ایک فریب ہے، امریکی حملے کا ایرانی ردعمل فوری، مکمل اور مثالی ہوگا۔

Scroll to Top