بارش

ملک میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہونے کو تیار، پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان میں موسم سرما کا نیا اسپیل داخل ہونے والا ہے، جس کے باعث مختلف اضلاع میں شدید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، بلوچستان میں آج رات سے موسم سرما کا نیا اسپیل شروع ہوگا ۔ اس دوران کوئٹہ ، چاغی ، نوشکی، پشین ، چمن، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ، زیارت ، ہرنائی اور ژوب میں بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا خدشہ ہے ۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خستہ حال عمارتوں میں نہ رہیں اور ندی نالوں یا خطرناک مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں ۔ اس کے علاوہ ، تمام ڈپٹی کمشنرز کو احتیاطی اقدامات پر عمل درآمد کے لیے مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ میں شدید برفباری کے باوجود پاک فوج عوامی خدمت میں مصروف عمل

ایس ڈی ایم اے آزادکشمیر نے یکم سے 3 فروری تک آزادکشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برفباری کی وارننگ جاری کی ہے ۔ تیز ہواؤں اور برفانی طوفان کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے، پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ہیں ، اس لیے شہریوں اور سیاحوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے ۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ رہیں گے ، جبکہ ڈی ای اوز 24 گھنٹے صورت حال کی نگرانی کریں گے۔ ہائی رسک علاقوں میں ایمرجنسی سروسز اور ضروری آلات پہلے سے موجود رہیں گے ۔

این ایچ اے اور دیگر محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پلوں ، سڑکوں، نالوں اور ڈرینج سسٹمز کا معائنہ کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بارش ، برفباری کا نیا سپیل کب شروع ہوگا؟پیشگوئی و الرٹ جاری

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آندھی، تیز ہواؤں یا گرج چمک کے دوران محفوظ عمارتوں میں رہیں اور سولر پینلز، کھمبے یا ہورڈنگز محفوظ کریں ۔ مسافروں کو لینڈ سلائیڈنگ اور ژالہ باری کے حوالے سے پیشگی آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ حادثات سے بچا جا سکے ۔

Scroll to Top