پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں سیزن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز حیدرآباد نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر اور پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو اپنا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ اس تقرری کو پی ایس ایل کے آئندہ سیزن سے قبل ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز جیسن گلیسپی کو باضابطہ طور پر پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز حیدرآباد کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا۔ اس حوالے سے اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا، جہاں فرنچائز کی ملکیت رکھنے والے ادارے کنگز مین کرکٹ نے اس تقرری کی تصدیق کی۔
جیسن گلیسپی نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ حیدرآباد کی ٹیم کا حصہ بننے پر خوش ہیں اور آنے والے چیلنجز کے لیے پُرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کام کے آغاز کے لیے بے حد منتظر ہیں اور ٹیم کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیریز کا بے صبری سے انتظار ہے، آسٹریلوی کپتان، 2 پاکستانی کرکٹرز کو چیلنج قرار دیدیا
رپورٹس کے مطابق جیسن گلیسپی کی یہ تقرری پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن کے پلیئرز ڈرافٹ سے تقریباً دو ہفتے قبل عمل میں آئی ہے۔ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائزز حیدرآباد اور سیالکوٹ کو ابتدا ہی سے اپنی ٹیم تشکیل دینی ہوگی، جس کے باعث کوچنگ تقرریوں کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔
یہ جیسن گلیسپی کی پاکستان میں کوچنگ کے شعبے میں واپسی بھی ہے۔ اس سے قبل وہ 2024 میں مختصر مدت کے لیے پاکستان کی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے سابق نیوزی لینڈ اور آسٹریلوی کرکٹر لیوک رونکی کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ لیوک رونکی اس سے قبل 2018 سے 2020 تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 2018 میں ٹیم کی پی ایس ایل ٹائٹل جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے بیٹرز میں لیوک رونکی کا اسٹرائیک ریٹ 166.12 رہا ہے، جو اب تک سب سے زیادہ ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے کوچنگ سیٹ اپ سے بھی وابستہ رہے ہیں۔
لیوک رونکی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ان کے لیے ہمیشہ گھر جیسی رہی ہے اور بطور ہیڈ کوچ واپسی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کی جیت کی روایت کو برقرار رکھنے اور نئے کھلاڑیوں کی تیاری میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ، بھارت کی جانب سے اسکاٹ لینڈ کیلئے بھی رکاوٹوں کا سامنا
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 8 کر دی گئی ہے، جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ نئی فرنچائزز کے طور پر شامل ہوں گی۔ پاکستان سپر لیگ کا 11واں سیزن 26 مارچ سے شروع ہوگا۔




