احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر کی گئی شکایت پر اہم اقدام کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض، بینا ریاض، احمد ریاض سمیت چھ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالتی حکم کے تحت مال آف اسلام آباد کو تحویل میں لے کر بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔
نیب پراسیکیوٹرز منظور شاہ اور حنا اشرف نے عدالت میں تفتیشی افسر کی تفصیلی رپورٹ جمع کروائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے بعد باقاعدہ شکایت دائر کی جا چکی ہے۔ نیب کے تفتیشی افسر محمد رمضان نے رپورٹ میں بتایا کہ شواہد اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شدید برفباری کے بعد آج سلسلہ تھم گیا، آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے 15 گھر تباہ
عدالت نے سماعت کے دوران تین ملزمان کو پانچ، پانچ لاکھ روپے بطور ضمانت جمع کروانے کا حکم بھی جاری کیا، جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔
عدالتی احکامات کے مطابق مال آف اسلام آباد کو قبضے میں لے کر بحق سرکار ضبط کر لیا گیا، اور اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق یہ کارروائی مالی بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو مبینہ نقصان کے الزامات کے تحت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور علی ریاض ملک اشتہاری قرار
عدالت نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق تمام فریقین کو صفائی کا پورا موقع دیا جائے گا، تاہم عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کیس کی مزید سماعت میں ملزمان کی پیشی اور آئندہ لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔




