شدید برفباری کے بعد آج سلسلہ تھم گیا، آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے 15 گھر تباہ

آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کے بعد آج یہ سلسلہ رک گیا اور موسم صاف ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں تک رابطہ دوبارہ قائم کرنے کے لیے سڑکیں بحال کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

نیلم میں برفباری کا پانچ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ جہلم ویلی کے بلند مقامات پر بھی شدید برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی۔ آزادکشمیر کے دیگر علاقوں میں مسلسل بارش اور بلند پہاڑوں پر جاری برفباری کی وجہ سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 15 گھر تباہ اور 1 شہری جاں بحق ہو گیا۔

مظفرآباد میں گزشتہ دو روز سے جاری بارش اور برفباری کا سلسلہ آج تھم گیا۔ شہر میں آج صبح دھوپ نکل آنے کے باعث سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ تاہم گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا، جس سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ خوبصورت مناظر دیکھنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں باہر نکل آئے اور موسم سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کے بعد دھوپ نکلنے سے موسم مزید دلکش ہو گیا ہے، جبکہ کسانوں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد نے بھی اس موسم کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں برفباری نے پانچ سال کا ریکارڈ توڑ دیا، شاہراہیں بند، لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ

ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا چوتھا سپیل 22 گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہوا، جس کے نتیجے میں 9 انچ برف ریکارڈ کی گئی اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے خوب لطف اندوز ہونے کے لیے مری کا رخ کیا۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر کے مطابق، مری میں لگ بھگ 20 سے 25 سال بعد ایسی شدید برفباری دیکھی گئی، جس کے بعد تمام شاہراہیں سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔

گلیات میں چار روز گزرنے کے باوجود زیادہ تر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس سے شہری گھروں میں محصور ہیں اور خوراک و ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں مسلسل بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے 9 سالہ بچی سرسانگلہ نعمت جاں بحق جبکہ اس کے دو بہن بھائی شدید زخمی ہو گئے۔

گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بھی کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پاک فوج نے برف میں پھنسے مسافروں کو گاڑیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر:طوفانی برفباری، ایک اور مکان زمین بوس، متعدد ٹرانسفارمر جل گئے

آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو اپنے علاقے کے موسمی حالات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top