آزادکشمیر سمیت ملک کے بیشتر بالائی اور شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم داخل ہونے سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے اور بارش وبرفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
آزادکشمیر کے پہاڑی علاقوں میں رات سے برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا جبکہ کئی علاقوں کی رابطے سڑکیں بدستور بند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر بھر میں بارش ، برفباری ، ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ ، زیارت ، کوژک ٹاپ ، کان مہترزئی ، خانوزئی ، شیلا باغ اور مسلم باغ میں برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا جس سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
بلوچستان کے پاک افغان سرحدی علاقوں برف باری سے اہم شاہراہیں برف سے ڈھک گئی ہیں۔ قلات میں تین انچ تک برف پڑچکی ہے، لکپاس اور دیگر قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کا استعمال اورنمک پاشی کی جا رہی ہے۔
گلگت بلتستان میں گزشتہ رات سے پہاڑوں اوربالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے۔ چلاس میں بابوسر ٹاپ،نانگا پربت،بھٹوگاہ ٹاپ،داریل اورتانگیر کے پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے۔
غذر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور میدانی علاقوں بارش کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔
ادھر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت شدید موسمی حالات کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ اور محکمہ برقیات کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس شہریار سکندر اور محکمہ برقیات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس شہریار سکندر نے وزیراعظم آزادکشمیر کو شدید بارشوں اور برف باری کے باعث ہونے والے نقصانات، متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے جاری امدادی و بحالی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں سڑکوں کی بندش، لینڈ سلائیڈنگ، عوامی مشکلات اور ریسکیو اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس میں محکمہ برقیات کے حکام نے موسمی شدت کے تناظر میں ٹرانسمیشن لائنز کی بحالی، بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور فیلڈ اسٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کو آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر:برفباری اور دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق،درجنوں پھنسے افراد ریسکیو
اجلاس میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ہر صورت متحرک رہے اور شدید برف باری والے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی، خصوصاً خوراک، ادویات، ایندھن اور بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے محکمہ برقیات کے حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیلڈ ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری حل کے لیے تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہیں، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، حکومت تمام وسائل بروئے کار لا کر حالات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات اٹھائے گی ۔




