لاہور: پاکستان ممکنہ طور پر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے گا یا نہیں اس حوالے سے حتمی فیصلہ (کل ) بروزپیر کو متوقع ہے ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ورلڈ کپ میں شمولیت کے بارے میں اہم فیصلے پر غور کر رہا ہے ۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور ورلڈ کپ میں شرکت یا نہ کرنے کی اجازت مانگیں گے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی کے رویے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے ورلڈ کپ سے دستبرداری پر غور کیا جائے گا جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹیم بھارتی ٹیم کے خلاف میچ نہ بھی کھیلے ۔
اس دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے موقف سے آگاہ کیا ۔
کھلاڑیوں نے چیئرمین کے اصولی موقف کی تعریف کی اور مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ محسن نقوی نے پاک -آسٹریلیا ٹی 20سیریز کے لیے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارت میں میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف اصولی بنیادوں پر ہے ۔
پی سی بی آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی ۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت جو فیصلہ کرے گی، پی سی بی اس پر مکمل عمل کرے گا۔ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ۔
سب کو کرکٹ کے اصولوں کے مطابق چلنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں ٹیم ورک کے ذریعے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی نظریں بھی پاک-آسٹریلیا سیریز پر ہیں اور وہ ٹیم سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کا ٹی 20 ورلڈ کپ میچز بھارت سے منتقل کرنے سے انکار
ملاقات میں قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، منیجر ٹیم نوید اکرم چیمہ، عاقب جاوید، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔




