2026

2026 میں سب سے سستی گاڑی سوزوکی آلٹو بدستورسمجھی جا رہی ہے

سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری میں واضح تبدیلیاں سامنے آ چکی ہیں ۔ سوزوکی ویگن آر اور برسوں سے مشہور ’’کیری ڈبہ‘‘ (بولان) کی باضابطہ بندش کے بعد کم بجٹ میں گاڑی خریدنے والے صارفین اب نئی جنریشن کی انٹری لیول گاڑیوں کی جانب تیزی سے راغب ہو رہے ہیں ۔

ماہرین کے مطابق مہنگائی اور گاڑیوں کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود سوزوکی آلٹو بدستور پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی اور محفوظ سرمایہ کاری سمجھی جا رہی ہے۔ 660 سی سی انجن، بہترین فیول ایوریج اور مضبوط ری سیل ویلیو کی بدولت آلٹو متوسط طبقے کی اولین ترجیح بنی ہوئی ہے۔ 2026 میں اس کی قیمت 23.3 لاکھ سے 30.5 لاکھ روپے کے درمیان ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔

دوسری جانب سوزوکی ایوری نے باضابطہ طور پر بولان کی جگہ سنبھال لی ہے۔ جدید EFI انجن، بہتر سسپنشن، مؤثر ایئر کنڈیشننگ اور اضافی سیفٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کرائی جانے والی یہ گاڑی وسیع کیبن کی بدولت بڑے خاندانوں اور کمرشل استعمال کے لیے تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ مارکیٹ میں اس کی قیمت 27.5 لاکھ سے 28 لاکھ روپے کے درمیان ہے ۔

جاپانی امپورٹ گاڑیوں میں ڈائی ہاٹسو میرا اور نسان ڈیز نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔ ڈائی ہاٹسو میرا کم ایندھن خرچ، آرام دہ ڈرائیونگ اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے خریداروں کی توجہ حاصل کر رہی ہے، تاہم اس کے اسپیئر پارٹس نسبتاً مہنگے تصور کیے جاتے ہیں۔ اس گاڑی کی قیمت 28.5 لاکھ سے 32.5 لاکھ روپے کے درمیان ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سوزوکی آلٹو 2026 کا نیا ماڈل متعارف ، قیمت بھی سامنے آگئی

نسان ڈیز کو 660 سی سی کیٹیگری میں ایک ’’لگژری آپشن‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، لیکن اس کی زیادہ قیمت اور بلند مینٹیننس لاگت اسے ہر صارف کی پہنچ سے دور رکھتی ہے۔ مارکیٹ میں نسان ڈیز 32.5 لاکھ سے 39 لاکھ روپے کے درمیان دستیاب ہے ۔

سوزوکی کلٹس اب بھی 1000 سی سی سیگمنٹ کی ایک مقبول ہیچ بیک ہے، تاہم 2026 میں اس کی قیمت 40 لاکھ روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث یہ کم بجٹ گاڑیوں کی فہرست کے آخری کنارے پر پہنچ گئی ہے۔ اس وقت کلٹس کی قیمت 40.9 لاکھ سے 45.9 لاکھ روپے کے درمیان ہے ۔

استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں ویگن آر اور ٹویوٹا وِٹز اب بھی دستیاب ہیں اور کم بجٹ میں نسبتاً بڑی گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے بہتر انتخاب سمجھی جاتی ہیں۔ 998 سی سی سوزوکی ویگن آر (استعمال شدہ) 28 لاکھ سے 34 لاکھ روپے کے درمیان باآسانی مل جاتی ہے، جبکہ 1000 سی سی ٹویوٹا وِٹز (استعمال شدہ) 26 لاکھ سے 44 لاکھ روپے کے درمیان فروخت ہو رہی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سوزوکی آلٹو کا نیاماڈل آ گیا، نئے فیچرز کیا ہیں اورقیمت کتنی ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر محفوظ سرمایہ کاری مقصود ہو تو سوزوکی آلٹو بہترین انتخاب ہے، زیادہ جگہ اور کمرشل استعمال کے لیے سوزوکی ایوری موزوں ہے، جبکہ آرام، سہولت اور جدید فیچرز کے شوقین افراد کے لیے جاپانی امپورٹ گاڑیاں بہتر آپشن ثابت ہو سکتی ہیں ۔

Scroll to Top