مظفرآباد:آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے اپوزیشن لیڈروصدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے ایوان وزیراعظم میں اہم ملاقات کی ۔
پی آئی ڈی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے مشاورت کو حتمی شکل دی گئی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر مشاورت کے حوالے سے یہ تیسری ملاقات تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور اپنے اعلانات پر جلد عملدرآمد کروائیں،محسن عزیز
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر نے 3 رکنی پینل چیئرمین کشمیر کونسل وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف کو بھیجنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پینل میں سینئربیوروکریٹ سابق ایڈیشنل سیکرٹری آزادکشمیر اور موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان سید آصف شاہ،سابق جج سپریم کورٹ جسٹس(ر) غلام مصطفی مغل اور سابق جسٹس سپریم کورٹ خواجہ محمد نسیم کے نام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کی اسامی کئی ماہ سے خالی ہے اور الیکشن قریب آنے پر یہ اہم تقرری نہ ہونے سے الیکشن التواء کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کی عدم تقرری، چیئرمین کشمیر کونسل، وزیراعظم ،اپوزیشن لیڈر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
سابق دور حکومت میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی معاملہ پر مشاورت نہیں ہوسکی تھی اور کئی بار دعوے کئے گئے ہیں کہ آج کل میں تقرری کی جارہی ہے لیکن یہ اہم عہدہ کئی ماہ سے خالی چلا آ رہا ہے۔




