وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورہ حویلی کے سلسلے میں تحصیل ممتاز آباد سمیت پورے ضلع میں شاندار استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
ڈسٹرکٹ حویلی کے مختلف شہروں اور بازاروں کو خوبصورت بینرز اور پوسٹرز سے سجادیا گیا ہے جبکہ فضا جشن کا سماں پیش کر رہی ہے۔
کارکنانِ پاکستان پیپلز پارٹی کے مطابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کو محمود گلی کے مقام سے ایک بڑی ریلی کی صورت میں کہوٹہ لایا جائے گا۔
یہ ریلی مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی شہر میں داخل ہوگی، جہاں عوام اور کارکنان والہانہ انداز میں اپنے قائد کا استقبال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل راٹھور کا حیدری پل کی تعمیر،فلائی اوور ،250 بیڈزپر مشتمل ہسپتال بنانے کا اعلان
اس موقع پر وزیرِ اعظم ضلع میں متعدد ترقیاتی منصوبہ جات کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے، جو علاقہ کی تعمیر و ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کے کارکنان اور مقامی قیادت کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کا استقبال تاریخی ہوگا،راجہ فیصل ممتاز راٹھور عوام کے دلوں میں جگہ بنا چکے ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی کامیابی حاصل کر کے آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم منتخب ہوں گے۔
کارکنان پرجوش ہیں اور پُرامید ہیں کہ آج کا دن حویلی کی سیاسی تاریخ میں یادگار بن جائے گا۔
شہر بھر میں جوش و خروش، بینرز، جھنڈوں اور ریلیوں کی تیاری اس بات کی غمازی کر رہی ہے کہ حویلی کہوٹہ وزیرِ اعظم کے استقبال کے لیے پوری طرح تیار ہے، اور یہ دورہ عوامی محبت اور اعتماد کا ایک عظیم مظاہرہ ثابت ہوگا۔




