مضر صحت گوشت فروخت کرنیوالے قصابوں کیخلاف ایکشن، 2 دکانیں سیل

مظفرآباد: فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر گوشت کی دو دکانیں سیل کردیں جبکہ متعدد گوشت فروشوں کو فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کئے گئے۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گھڑی پن چوک میں قائم گوشت کی دکانوں کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران متعدد دکانوں پر کھلا گوشت بغیر ڈھانپے فروخت کیا جا رہا تھا، صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: چکار، فوڈ اتھارٹی اورتحصیل انتظامیہ ان ایکشن ،غیر معیاری اشیاء ضبط، تاجروں کو جرمانے

گوشت کو مضرِ صحت ماحول میں رکھا گیا تھا جبکہ فوڈ بزنس آپریٹرز لائسنس اور اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔

فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2گوشت گھروں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ متعدد مرغ فروشوں کو جرمانے عائد کرنے کے ساتھ اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے۔

فوڈ اتھارٹی ٹیم کا کہنا تھا کھلا اور غیر محفوظ گوشت فروخت کرنا انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سردیوں میں انڈے کھانے کے فوائد اور محفوظ مقدارکیا ہے؟

فوڈ اتھارٹی نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر صفائی کے معیار بہتر بنائیں، گوشت کو ڈھانپ کر فروخت کریں اور لائسنس و اجازت نامہ مکمل کریں، جبکہ عوام غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کی شکایات فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر درج کریں بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top