جہلم ویلی( عمر بھٹی سے)جہلم ویلی کی تحصیل چکار تھانہ پولیس چکار کی حدود درہ ٹاپ گجراں میں دن دیہاڑے سنگین غنڈہ گردی کا واقعہ پیش آیا جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق چند شرپسند عناصر، جو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے، اچانک بازار میں داخل ہوئے اور مقامی دکانداروں کے ساتھ بدترین بدسلوکی شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: حیران کن واقعہ،103 سالہ خاتون کے انتقال پر آئے رشتہ دارکیک کھا کر واپس گئے
ملزمان نے دکانداروں پر چھریوں سے حملہ کیا اور لاتوں مکوں کے وار کیے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی سطح پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
افسوسناک پہلو یہ ہے کہ واقعے کے وقت پولیس چوکی پر تعینات اہلکار موقع پر موجود ہونے کے باوجود محض تماشائی بنے رہے اور شرپسند عناصر کو روکنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہ اٹھایا گیا۔
پولیس کی اس مبینہ غفلت پر تاجر برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔واقعے کے فوری بعد درہ ٹاپ گجراں کے دکاندار سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔
تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث غنڈہ گرد عناصر کیخلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔تمام ملزمان کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے۔پولیس اہلکاروں کی غفلت کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے ۔
دکانداروں نے پولیس کو 12 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور سڑکوں پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
اس واقعے کے بعد چکار میں پولیس کی رٹ پر سنجیدہ سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیںجبکہ مقامی عوام اور تاجر کمیونٹی خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہے۔
دوسری جانب متاثرہ دکانداروں کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں واقعے کی سنگینی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فضاء خورشید کیس میں اہم پیشرفت ، پولیس چالان میں ڈاکٹرز وطبی عملہ غفلت کا مرتکب قرار
ذرائع کے مطابق اعلیٰ پولیس حکام نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی کارروائی شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اور موثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔




