اسلام آباد میں منعقدہ دھیرکوٹ کرکٹ میلہ اختتام پذیر ہوگیا جس میں شکرپڑیاں ٹائیگرز نے میدان مار لیا۔ جشن کا سماں، فائنل میچ میں شکرپڑیاں ٹائیگرز نے کشمیر لوورز کوہالہ کو با آسانی 8 وکٹ سے شکست دے دی۔
کرکٹ کے دیوانوں کے لیے ایک یادگار لمحہ، جوش و خروش سے بھرپور اور جذبہ عقیدت سے لبریز، دھیرکوٹ پریمیئر لیگ (DPL) سیزن تھری کا فائنل میچ شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈکپ ،جنوبی افریقی بیٹرز نے رنز کے انبار لگا دئیے، نئے ریکارڈ قائم
شکرپڑیاں ٹائیگرز نے اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے ٹورنامنٹ کا تاج اپنے سر سجا لیا، اور مداحوں کے دل جیت لئے۔
اس سالانہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 16ٹیموں نے شرکت کی، جنہوں نے دو دن تک جاری رہنے والے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے
۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز اسلام آباد کے علاقے G-7/2 میں واقع گراؤنڈ میں منعقد کیے گئے، جہاں شائقین کرکٹ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔
لائیو کمنٹری، براہِ راست میچز کی نشریات، اور شائقین کے لیے خصوصی نشستوں کا اہتمام اس ایونٹ کو ایک یادگار تجربہ بنا گیا۔
یہ ٹورنامنٹ آزاد کشمیر کے معروف کرکٹر مرحوم ذوالفقار علی ذولفی کی یاد میں منعقد کیا گیا، جنہوں نے اپنی زندگی کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے وقف کر دی تھی۔
اختتامی تقریب میں مرحوم ذوالفقار علی ذولفی کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے ان کی شخصیت، کھیل سے محبت، اور نوجوانوں کے لیے ان کی رہنمائی کو سنہری الفاظ میں یاد کیا۔
ان کی یاد میں ایک خصوصی لمحہ خاموشی بھی اختیار کیا گیا، اقر ان کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے دوران فضا جذبات سے بوجھل ہو گئی۔اختتامی تقریب میں بزنس فورم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدر سردار عمران عزیز تھے۔
انہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئےکہا کہ نوجوان ہمارامستقبل ہیں،ان کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ھے۔ انہوں نے معیاری کھیل پیش کرنے پر تمام کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور جس نوجوان ذوالفقار علی مرحوم کے نام سے موسوم تھا ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع تقریب کے میزبان راجہ مہتاب اشرف،مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ذاکر، متحرک نوجوان رہنما راجہ فہیم اکرم،ممتاز صحافی سردار عابد عباسی، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما سردار جاوید،نیشنل پریس کلب کے ممبر راجہ ابرار خان نے اظہار خیا ل کیا۔
نوجوان صحافی رئیس الرحمن پاکستان عوامی، قوت کے رہنما سہراب بیگ، چیئر مین یونین کونسل مکھیالہ اسرار عباسی، راجہ طاہر سرور، آفتاب انقلابی،راجہ شوکت علی خان، ایم ڈی مغل، چیئرمین راجہ اشراف خان، مفتی ظہیر راجہ آفتاب مشرف فیض، راجہ افتخار،راجہ حماد،راجہ اشفاق اور دیگرعمائدین نے بھی اظہار خیال کیا۔
منتظمین کی جانب سے بہترین بیٹسمین، بہترین باؤلر، اور مین آف دی ٹورنامنٹ کے اعزازات بھی دئیے گئے، جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے کو مزید بلند کیا۔
ٹورنامنٹ کے منتظم اعلی راجہ مہتاب اشرف خان نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دھیرکوٹ پریمیئر لیگ کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنا ہے بلکہ ان کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے بھارت میں نئی تاریخ رقم کردی
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ سال اس ٹورنامنٹ کو مزید وسعت دی جائے گی اور اسے قومی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔
یہ ایونٹ نہ صرف ایک کرکٹ ٹورنامنٹ تھا بلکہ ایک سماجی و ثقافتی اجتماع بھی تھا، جس نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا اور مرحوم ذولفی جیسے عظیم کھلاڑیوں کی یاد کو زندہ رکھا۔



