پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کااجلاس جھگڑے اور تلخ کلامی پر ختم

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع ہوتے ہی جھگڑے کی نذر ہو گیا۔ شاہد خٹک نے سینیٹر زرقا کو پارلیمانی پارٹی اجلاس سے باہر نکل جانے کا کہہ دیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹر زرقا نے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے باوجود فیصلہ نہ ہونے پر احتجاج کیا، پارلیمانی پارٹی اجلاس سخت جملوں کے تبادلے کے ساتھ شروع ہوتے ہی ختم کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی آئی حکومت ریاست کیلئے تباہ کن ثابت ہوئی، فاروق حیدر

ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ خیبرپختونخوا ہاؤس میں پارلیمانی پارٹی اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا اجلاس نہیں چلا سکتے تو پھر بلایا نہ کریں، پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ نے شاہد خٹک کے روئیے پر بانی پی ٹی آئی کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کسی نے بیرسٹر گوہر یا میرے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، تلخ کلامی میرے آنے سے پہلے ہو چکی تھی۔

سینیٹر زرقا نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تلخی کے معاملے پر کہا کہ پارٹی نے ہمیں شو کاز نوٹس دیا اور پھر انٹرویو کے لیے بلایا۔

سینیٹر زرقا نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ہمیں بلا کر کہا کہ بیان حلفی جمع کروائیں، اچھا ہوا سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اب پارٹی ہمارے بارے میں فیصلہ تو کریگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی فیصلہ کرے ہمیں رکھنا ہے یا نہیں، ہمیں کروڑوں کی آفرز ہوئیں جنہیں ہم نے ٹھکرایا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی نئے میثاق جمہوریت کی پیشکش، حکومت کا ردعمل آگیا

اس حوالے سے بات کرتےہوئے شاہد خٹک نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

Scroll to Top