اسلام آباد :وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں محکمہ تعلیم نے ایک اورتاریخی سنگِ میل عبور کرلیا ہےاور 60 ہزار آؤٹ آف سکول بچوں کو واپس سکول لانے ، 135سکولوں کی تعمیر کامعاہدہ طے پا گیا ہے۔
وزیراعظم فیصل راٹھور کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر خبر کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 7ارب روپے کا آؤٹ آف سکول چلڈرن پراجیکٹ جو طویل عرصے سے تاخیر کا شکار تھا، اب باقاعدہ طور پر عملی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت پاکستان اورورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان اہم معاہدہ طے پاگیا
اس سلسلے میں اسلامی ترقیاتی بینک اور حکومتِ پاکستان کے مابین معاہدے پر وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں باقاعدہ دستخط کر دئیے گئے ہیں۔
دستخطی تقریب میں اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطحی مشن نے شرکت کی جس کی قیادت ڈاکٹر رامی احمد، وائس پریزیڈنٹ (آپریشنز)، اسلامی ترقیاتی بینک (IDB) کر رہے تھے۔
معاہدے پر دستخط ڈاکٹر رامی احمد، وائس پریزیڈنٹ (آپریشنز)، اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) اور منسٹری آف اکنامک افیئرز ڈویژن، حکومتِ پاکستان نے کیے جبکہ آزاد کشمیر کی جانب سے سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سید شاہد محی الدین قادری نے نمائندگی کی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک اور حکومتِ پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کی بدولت آزاد کشمیر میں تعلیمی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے اور آؤٹ آف سکول بچوں کے مسئلے کے حل میں نمایاں پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعظم نے وزیر تعلیم ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، اور IsDB پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) کی ٹیم کو بھی مبارکباد دی، جنہوں نے اس منصوبے کے PC-I کی تیاری، منظوری اور معاہدے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس میگا پراجیکٹ کے تحت آزاد جموں و کشمیر میں 60 ہزار آؤٹ آف سکول بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کیا جائے گا۔
منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 7 ارب روپے ہے، جسے اسلامی ترقیاتی بینک (جدہ)، ایجوکیشن ابوو آل (EAA) اور ترکی میں قائم تنظیم کے تعاون سے لیڈ پارٹنر آرگنائزیشن ALIGHT حکومتِ آزاد کشمیر کے اشتراک سے نافذ کرے گی۔
اس منصوبے کے تحت 135نئے سکولوں کی تعمیر، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، سکول مینجمنٹ کمیٹیوں کا قیام اور استعداد کار میں اضافہ،آئی ٹی بیسڈ تعلیم کا فروغ، طلبہ کو مفت درسی کتب اور سکول یونیفارم کی فراہمی، عوام میں تعلیمی آگاہی کے لیے سیمینارز اور مہمات (ALIGHT کی ذمہ داری)، 250 انفارمل ایجوکیشن سکول بھی قائم کیے جائیں گے، جن کی ذمہ داری لیڈ پارٹنر ALIGHT پر ہو گی۔
ان سکولوں میں بچوں کو Accelerated Learning Program کے تحت تعلیم دی جائے گی تاکہ وہ کم مدت میں بنیادی تعلیمی مراحل مکمل کر کے باقاعدہ تعلیمی نظام میں شامل ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل راٹھور کا حیدری پل کی تعمیر،فلائی اوور ،250 بیڈزپر مشتمل ہسپتال بنانے کا اعلان
اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ آزاد جموں و کشمیر میں آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی، تعلیمی معیار میں بہتری اور کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔
یاد رہے کہ آزادکشمیر میں زلزلہ 2005 میں تباہ ہونیوالے سیکڑوں تعلیمی اداروں کی عمارتیں ابھی تک تعمیر نہیں ہوسکی ہیں ، موجودہ پراجیکٹ امید کی کرن بن سکتا ہے۔




