پنجاب کے ضلع سرگودھا میں شدید دھند کے باعث ٹرک کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقہ گلہ پور بنگلہ کے قریب 23 افراد منی ٹرک میں سوار ہوکر جا رہے تھے تاہم شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر منی ٹرک سڑک سے اتر کر خشک نہر میں جاگرا۔
یہ بھی پڑھیں: شدید سردی اور دھند کی صورتحال، محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی جاری
ٹرک کے نیچے دب کر 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور دیگر شدید زخمی ہونے والے افرد کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔
حادثے کے مزید زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے جس سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار افراد جنازے میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے




