کارروائی

عوامی صحت سے کھیلنے والوں کیخلاف کریک ڈائون،میرپور میں دو میڈیکل سٹورز سیل

میرپور: ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر میرپور ڈاکٹر ظہیر اقبال بابر کے میرپور شہر میں میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز پر اچانک چھاپے، دو میڈیکل سٹورز سیل، متعدد کو وارننگ جاری کردی گئی۔

نور میڈیکل سٹور بالمقابل ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کو بغیر ڈرگ لائسنس اور بغیر کوالیفائیڈ فارماسسٹ کے ادویات فروخت کرنے پر اور غفور میڈیکل سٹور کوٹلی روڈ سیکٹرایف ون کو محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق کاروبار نہ کرنے پر سیل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم، فوڈاتھارٹی کا بڑے پیمانے پر کریک ڈائون، مضر صحت اشیائے خوردونوش تلف

ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر میرپور نے ادویات سپلائی سے منسلک تمام ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسیز اور میڈیکل سٹور مالکان کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ محکمہ صحت عامہ نے مختلف اقسام کی ادویات کی فروخت اور سپلائی کے لیے مختلف اقسام کے لائسنس جاری کر رکھے ہیں۔ جس فرد کے پاس جس طرح کا لائسنس ہے وہ اسی کے مطابق ادویات فروخت کرنے کا مجاز ہے۔

نشہ آور اور نیند آور گولیاں اور ٹیکے صرف ڈرگ سیل لائسنس نمبر 11 پر کوالیفائیڈ فارماسسٹ کی موجودگی میں ڈاکٹرز کے نسخہ پر ہی فروخت کئے جا سکتے ہیں۔

گزشتہ دنوں بھمبر میں ایک خاتون نے نیند والی گولیاں ایک میڈیکل سٹور سے خرید کر اپنے تین بچوں کو کھلا کر جان سے مار دیا اور ان کے غلط استعمال سے لاتعداد نوجوان نشہ کے عادی ہو رہے ہیں۔ ادویات کی فروخت سے منسلک لوگ ذمہ داری کا ثبوت دیں۔

بغیر کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کے درد، معمولی بخار، فلو اور نزلہ زکام میں ہائی اینٹی بائیوٹکس ادویات اور مریضوں سے زیادہ پیسے وصول کرنے کے لیے ٹیکوں اور بوتلوں کے استعمال سے مریضوں کے گردے خراب ہو رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ عطائی ڈاکٹر کے ادویات کے غلط استعمال کی وجہ جب مریض کسی سپیشلسٹ ڈاکٹر کے پاس جا کر اپنی بیماری کی درست تشخیص کروا کر علاج شروع کرواتا تو اس پر پہلے سے غلط اور زیادہ ادویات استعمال کر چکنے کی وجہ سے درست میڈیسن بھی اثر نہیں کرتی۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: خواتین کے مسائل کے حل کے لیے اینٹی ہراسمینٹ سیل فعال

اس لیے مریض اپنی جانوں کی حفاظت کے لیے معمولی معمولی بیماریوں کی صورت میں غیر ضروری ادویات، سیلف میڈیکیشن اور عطائی ڈاکٹرز سے بچیں اور مستند ڈاکٹر اور اگر بیماری زیادہ بڑہ جائے تو اپنی بیماری کے متعلقہ سپیشلسٹ ڈاکٹر سے اپنا علاج کروایں۔

انہوں نے کہاکہ تمام میڈیکل سٹورز کے باہر شکایت درج کروانے کے نمبر آویزاں ہیں۔کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top