پی ایس ایل فرنچائز کی ریکارڈ بولی لگانے والے فواد سرور کون ہیں؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے مارچ میں شروع ہونے والے گیارہویں سیزن میں دو ٹیموں کا اضافہ ہوگیا ہے، جہاں اَب چھ کے بجائے 8ٹیمیں میدان میں نظر آئیں گی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کامیابی سے مکمل ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ شامل

اس دوران سیالکوٹ کی فرنچائز ایک ارب 85 کروڑ روپے جبکہ حیدرآباد کی فرنچائز ایک ارب 75 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی۔

امریکی کمپنی ایف کے ایس گروپ نے ایک ارب 75 کروڑ روپے کی سب سے زیادہ بولی لگا کر ساتویں فرنچائز اپنے نام کی، جسے عارضی طور پر حیدرآباد سے منسوب کیا گیا ہے جبکہ ٹیم کا حتمی نام بعد میں طے کیا جائے گا۔

حیدرآباد کی ٹیم خریدنے والے ایف کے ایس گروپ کے مالک فواد سرور پاکستانی نژاد ہیں اور وہ گزشتہ 20 برس سے امریکا میں مقیم ہیں۔

فواد سرور کا تعلق حیدرآباد سے ہی ہے۔ نیلامی کے دوران جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ نئی ٹیم کے لیے دستیاب چھ ناموں میں کس نام کا انتخاب کریں گے تو انہوں نے حیدرآباد کو منتخب کیا۔

فواد سرور حیدرآباد میں ہی پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی اسی شہر میں حاصل کی۔ اس وقت وہ امریکی شہر ٹیکساس میں مقیم ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ اپنے آبائی شہر سے ان کا جذباتی رشتہ آج بھی برقرار ہے۔

نئی فرنچائز کے حقوق حاصل کرنے کے بعد فواد سرور نے کہا کہ پی ایس ایل میں حیدرآباد کی نمائندگی ان کا دیرینہ خواب تھا جو اب پورا ہو گیا ہے۔

پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ کا حصہ بننا میرے لیے ذاتی کامیابی اور میرے شہر کے لیے فخر کی بات ہے۔

ایف کے ایس گروپ کیا کرتا ہے؟

ایف کے ایس گروپ (فشیندو کوسوما سیجھاترا) ایک عالمی ہولڈنگ کمپنی ہے جس کا مرکزی دفتر انڈونیشیا میں ہے۔

ابتدا میں یہ کمپنی انڈونیشیا میں مچھلی کی خوراک اور تیل کی پیداوار سے وابستہ تھی، تاہم وقت کے ساتھ یہ گروپ ایک بہت بڑی ہولڈنگ کمپنی بن گیا اور آج اس کی سرگرمیاں پاکستان اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں پھیلی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اوزی ڈیولپرز نے پی ایس ایل آٹھویں ٹیم 185 کروڑ میں خرید لی

یہ گروپ زراعت، خوراک، انفراسٹرکچر، ایوی ایشن اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے اور انڈونیشیا میں خوراک اور فیڈ کے اجزا فراہم کرنے والا بڑا سپلائر سمجھا جاتا ہے۔ فواد سرور اس گروپ میں بطورِ صدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

فواد سرور امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی سرگرم ہیں اور کنگزمین کرکٹ برانڈ کے مالک اور منیجر ہیں۔ ان کی ٹیم شکاگو کنگزمین نے 2024 میں مائنر لیگ کرکٹ چیمپئن شپ جیتی تھی۔

Scroll to Top