اسلام آباد:ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر آگئی ہے اورنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی93 پیسے سستی کردی۔
نیپرا نے فی یونٹ بجلی 93 پیسےسستی کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا جس میں بتایا گیا کہ بجلی نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کے بعد بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری ،وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو جنوری کے بلوں میں ریلیف ملے گا جبکہ لائف لائن صارفین پر اطلاق نہیں ہو گا۔
یہ فیصلہ اس کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جب سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے نیپرا سے درخواست کی تھی کہ صارفین کو جنوری کے بلوں میں فی یونٹ 72 پیسے واپس کیے جائیں، جس سے صارفین کو 5.6 ارب روپے سے زائد کا مجموعی ریلیف مل سکتا تھا۔
بجلی کے اوسط ٹیرف میں اضافہ
دوسر ی جانب نیپرا نے یکم جنوری سے فی یونٹ بجلی کی قیمت ایک روپے 79 پیسے بڑھا دی ہے،جنوری 2026 سے فی یونٹ بجلی کے اوسط نرخ 33 روپے 38 پیسے مقرر کردئیے گئے۔
اہم بات یہ ہے کہ حکومت نے بجلی کے نرخوں کے تعین کا نظام مالی سال کے بجائے کیلنڈر سال کی بنیاد پر منتقل کر دیا ہے۔
اس حوالے سے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا گیا، اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ہوگا۔اس وقت ملک میں نافذالعمل فی یونٹ بجلی کے اوسط بنیادی نرخ 31 روپے 59 پیسے ہیں۔
نیپرا کے مطابق 2026 کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی مجموعی مالی ضرورت 3 ہزار 379 ارب روپے ہے، جس میں 2 ہزار 923 ارب روپے بجلی کی خریداری،456 ارب روپے آپریشنل اخراجات اور منافع شامل ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سالانہ بجلی کی فروخت 101 ارب یونٹس متوقع ہے اور نئے ٹیرف کے ذریعے شعبے کی مالی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔




