ایاز صادق نے بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ملاقات ہوئی، جس میں پارلیمانی امور اور سپیکر کے حالیہ دورہ بنگلہ دیش پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سپیکر نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔

ایاز صادق نے بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے خود میری نشست پر آ کر ملاقات کی اور اپنا تعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی ان کا احوال دریافت کیا۔ غیر رسمی ملاقات کے دوران انہوں نے محتاط رویہ اختیار کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وفد نے مجھے خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت سے زبردستی روکنے کی کوشش کی۔ پاکستان، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان کے وفود کو ایک ہی بس میں جنازہ گاہ لایا گیا۔

ایاز صادق نے بتایا کہ بس میں سوار ہوا تو بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور ہائی کمشنر فرنٹ سیٹ پر بیٹھے تھے۔ بس جنازہ گاہ پہنچی تو بھارتی ہائی کمشنر بس کے دروازے پر کھڑے ہوگئے اور نیچے اترنے لگے۔ انہوں نے کہا، “آپ مت جائیں، نیچے رش ہے، آپ کو خطرہ ہے۔”

یہ بھی پڑھیں: جے شنکر سے ملاقات کیسے ہوئی، سپیکر ایاز صادق نے احوال بتا دیا

سپیکر نے بتایا کہ میں نے کہا کہ دروازہ کھولیں، میں جنازے میں شرکت کے لیے آیا ہوں۔ دروازہ نہیں کھولا تو میں نے غصے سے کہا، “دروازہ کھولو!”۔ آخر کار بھارتی ہائی کمشنر نے دروازہ کھولا اور نیپال و مالدیپ کے وفود کے ساتھ نیچے اتر گیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ بھارتی ہائی کمشنر کی پوری کوشش تھی کہ میں نماز جنازہ نہ پڑھ سکوں اور اس معاملے کو ایشو بنا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وفد پوری منصوبہ بندی کے ساتھ وہاں آیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایاز صادق کو بنگلادیش کا مثبت دورہ کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مستحکم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈھاکا میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا اسپیکر ایاز صادق سے غیر متوقع مصافحہ

Scroll to Top