ایپل کی فولڈ ایبل آئی فون متعارف کروانے کی تیاری مکمل

ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی ایپل نے بالآخر فولڈ ایبل اسمارٹ فون متعارف کروانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے ساتھ ہی کمپنی ایک نئی اور جدید ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہونے جا رہی ہے۔

کئی برسوں تک ایپل نے سام سنگ اور دیگر حریف کمپنیوں کے فولڈ ایبل فونز میں اسکرین پرنشان پڑنے اور ہِنج کے مسائل کا بغور مشاہدہ کیا۔ اب ایپل کو یقین ہے کہ وہ ان تکنیکی رکاوٹوں پر قابو پا چکا ہے، اسی لیے کمپنی پُراعتماد انداز میں فولڈ ایبل مارکیٹ میں قدم رکھنے جا رہی ہے۔

ایپل کے معروف تجزیہ کار منگ چی کو کے مطابق، فولڈ ایبل آئی فون کی لانچنگ 2026 کے اختتام پر متوقع ہے، اور یہ ڈیوائس ایپل کے روایتی آئی فونز سے بالکل مختلف اور کہیں زیادہ جدید ہوگی۔ میک رومرز کی رپورٹ کے مطابق، یہ فولڈ ایبل آئی فون ایپل کی اب تک کی سب سے جرات مندانہ ایجاد ثابت ہو سکتا ہے۔ فون جب مکمل طور پر کھلا ہوگا تو اس کی موٹائی صرف 4.5 ملی میٹر ہوگی، جو ایپل کی تاریخ کی سب سے پتلی ڈیوائس سمجھی جا رہی ہے۔ یہ موٹائی حتیٰ کہ 12.9 انچ کے آئی پیڈ پرو (5.1 ملی میٹر) سے بھی کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل آئی فون فولڈ: ڈسپلے اور کیمرہ تفصیلات سامنے آ گئیں

فولڈ ہونے کی صورت میں اس فون کی موٹائی 9 سے 9.5 ملی میٹر کے درمیان ہوگی، جو ایک فولڈ ایبل ڈیوائس کے لحاظ سے خاصی متاثر کن ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی قیمت بھی غیر معمولی ہونے کا امکان ہے۔ منگ چی کو کے مطابق، فولڈ ایبل آئی فون کی متوقع قیمت 2000 سے 2500 ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے۔ بلومبرگ کے معروف ٹیک صحافی مارک گرمن نے بھی اسی قیمت کے تخمینے کی تصدیق کی ہے۔

یوں یہ فولڈ ایبل آئی فون ممکنہ طور پر آئی فون 17 پرو میکس کے مقابلے میں تقریباً دو گنا مہنگا ہوگا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایپل اس ڈیوائس کو پریمیم صارفین کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’’ ہیلو یہ تصویر آپ کی ہے‘‘واٹس ایپ پر آنیوالا پراسرار میسج اکائونٹ ہیک ہونے کا سبب بن سکتا ہے، ماہرین کا انتباہ

Scroll to Top