ڈھاکا میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا اسپیکر ایاز صادق سے غیر متوقع مصافحہ

ڈھاکا (31 دسمبر 2025) بنگلا دیش میں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی غیر متوقع ملاقات ہوئی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ وہاں انہوں نے مرحومہ کے بیٹے اور بیٹی سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ڈھاکا میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی گئی، جس میں پاکستان کی نمائندگی اسپیکر ایاز صادق نے کی۔ اس دوران سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر جے شنکر اور ایاز صادق کی ملاقات بھی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: مئی میں پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کی دفاعی اور سفارتی ساکھ مضبوط کی: عالمی جریدہ

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر ایاز صادق کی نشست پر پہنچے اور ان سے مصافحہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے چند منٹ کی گفتگو میں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اکثر مختلف کانفرنسز میں آمنے سامنے ہونے کے باوجود ایک دوسرے کو نظر انداز کرتے ہیں۔ یہی رویہ کرکٹ میچز کے دوران بھی دیکھا گیا تھا جب بھارتی کرکٹرز نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا۔ تاہم، جے شنکر نے اس بار خود آگے بڑھ کر مصافحہ کیا، جو ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ ملاقات معرکہ حق بنیان المرصوص کے بعد ایک غیر رسمی ملاقات کے طور پر سامنے آئی ہے، اور اس کی تصویر بامعنی سمجھی جا رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو وہ ایٹمی سطح پر جانے سے روک چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی، اوآئی سی نے کشمیر کیلئے دوٹوک اعلان کردیا

قبل ازیں، ایاز صادق نے خالدہ ضیا کے بچوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مرحومہ کے بیٹے اور بیٹی نے نماز جنازہ میں شرکت پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بنگلادیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمان سے بھی ملاقات کی اور انھوں نے صدر و وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے تعزیت کا پیغام پہنچایا۔

Scroll to Top