فارورڈ کہوٹہ( کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ زراعت فارورڈ کہوٹہ نے شجرکاری مہم کے دوران شہریوں کو آدھی قیمت پر پھلدار پودے فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ایک ایکڑ اراضی فراہم کرنیوالے زمینداروں کو مفت باغات لگا کر دیئے جائیں گے۔
فارورڈ کہوٹہ کی سب ڈویژن خورشید آباد میں شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ اسسٹنٹ کمشنردفتر میں اے سی راجہ ایاز احمد نثار نے مختلف قسم کے پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
تقریب میں سول سوسائٹی عوام علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی، معززین کو شجر کاری کے حوالے سے قرآن و حدیث کی روشنی میں موجودہ دور کے ماحولیاتی چیلنجز کے پیشِ نظر بھرپور ترغیب دی گئی۔
انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا کہ محکمہ زراعت تحصیل خورشید آباد کے زیرِ اہتمام مارکیٹ سے آدھی قیمت پر اچھی کوالٹی کے پھلدار پودے زمیندارن کو دستیاب ہوں گے ۔
خورشید آباد میں ایک ایکڑاراضی فراہم کرنے والے3زمینداروں کے باغات لگائے جا چکے ہیں، محکمہ زراعت کی طرف سے زمینداروں کو مفت ٹیکنیکل معاونت بھی فراہم کی گئی ۔
اہل علاقہ خورشید آباد نے اسسٹنٹ کمشنر خورشید آباد کے انقلابی اقدام کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آٹھمقام، ٹمبرمافیا محکمہ کی ملی بھگت سے درختوں کا صفایا کرنے میں مصروف ، کوئی پوچھنے والا نہیں




