طارق رحمان کی 17سال بعد بنگلہ دیش واپسی، شاندار استقبال، امن کا پیغام دیدیا

ڈھاکہ:بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت بی این پی کے قائم مقام چیئرمین اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان نے وطن واپسی پر ڈھاکہ میں منعقدہ بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پرسکون رہنا چاہیے اور کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کرنا چاہیے۔

رحمان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امن، امن اور صرف امن چاہیے، 2024 میں عوام نے دوبارہ ملک کی جمہوریت اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے متحد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی دہلی میں ہائی کمیشن کے باہر احتجاج ، دھمکیوں پر بنگلہ دیش نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا

انہوں نے خبردار کیا کہ طاقتور مفادات کے ایجنٹ اب بھی ہنگامہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیاسی تحریکوں کو پرامن رہنا چاہیے۔

طارق رحمان نے سب کو ملک کے شہری ہونے کے ناطے یکساں حقوق کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش ہر مذہب کے لوگوں کے لیے محفوظ جگہ ہونا چاہیے، چاہے وہ مسلمان، ہندو، بدھ یا عیسائی ہوں۔

رحمان نے ان سیاسی کارکنوں کو بھی یاد کیا جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں، جن میں عثمان ہادی بھی شامل ہیں، اور کہا کہ ان کی قربانیاں عام لوگوں کے جمہوری اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے تحریک پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان مستقبل کی تعمیر کریں گے لیکن اس کے لیے مستحکم جمہوریت اور مضبوط معیشت کی ضرورت ہے۔

طارق رحمان نے کہا کہ ان کے پاس ملک کی تعمیر نو کے لیے بھی ایک منصوبہ موجود ہے اور انہوں نے تمام شہریوں سے تعاون کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش :ایک اور نوجوان رہنما پر قاتلانہ حملہ، حالات مزید کشیدہ

انہوں نے اپنے والدین اور خاص طور پر اپنی والدہ، سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی اور ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

طارق رحمان کو بنگلادیش کے وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top