پی آئی اے خریدنے والے والے عارف حبیب گروپ میں کون سی کمپنیاں شامل ہیں؟

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کئی کمپنیوں نے پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی مگر حتمی طور پر سب سے بڑی بولی عارف حبیب کنسورشیم کی طرف سے 135 ارب روپے کی لگائی گئی۔

پی آئی اے کی خریداری کے لیے جن دو گروپس نے 100 ارب روپے سے زیادہ کی بولیاں دیں ان میں لکی اور عارف حبیب گروپس اور ان کی ساتھی کمپنیوں پر مشتمل کنسورشیمز شامل تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کو جب بولیاں کھولنے کی تقریب شروع ہوئی تو سب سے پہلے لکی گروپ کی جانب سے دی گئی بولی کھولی گئی۔ اس گروپ نے پی آئی اے خریدنے کے لیے 101.5 ارب روپے کی بولی دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے نجکاری؛ عارف حبیب گروپ نے135 ارب روپے میں پی آئی اے خرید لی

ایئر بلیو نے 26.5 ارب روپے کی بولی جمع کرائی جبکہ تیسری اور آخری بولی عارف حبیب گروپ اور ان کی ساتھی کمپنیوں کی تھی جو سب سے زیادہ 115 ارب روپے کی تھی۔

تاہم پھر اوپن بڈنگ کے مرحلے میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی پیشکش کے ساتھ بولی کا عمل جیت لیا۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پی آئی اے کی فروخت کے لیے کم سے کم قیمت 100 ارب روپے مقرر کی گئی تھی۔

اس سے قبل پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کے دوران بلیو ورلڈ سٹی نامی رئیل اسٹیٹ کمپنی نے 10 ارب روپے میں قومی ایئر لائن خریدنے کی پیشکش کی تھی جسے ریزرو پرائس سے کافی کم ہونے پر مسترد کر دیا گیا تھا۔

عارف حبیب کنسورشیم میں بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی سکول اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل ہیں۔

عارف عارف حبیب لمیٹڈ پاکستان کی بڑی سکیورٹیز بروکریج، انویسٹمنٹ بینکنگ اور ریسرچ فرم ہے۔ یہ کمپنی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ہے۔

یہ کمپنی کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق واحد بروکریج فرم ہے جو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی ٹاپ 25 کمپنیوں میں شامل ہے۔

فاطمہ فرٹیلائزر پاکستان میں کھاد بنانے والی کمپنی ہے جو 2003 میں فاطمہ گروپ اور عارف حبیب گروپ کے مابین ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر قائم کی گئی۔ کمپنی سرسبز اور ببر شیر جیسے برانڈز کے تحت یوریا سمیت دیگر کھادیں تیار کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینکوں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کیلئے دئیے جانے والے قرضوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ

سٹی سکول 1978 میں قائم ہوا اور دنیا بھر اس کی 500 برانچیں ہیں جن میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ لیک سٹی پاکستان ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی ہے۔ لیک سٹی لاہور کے مضافات میں ریزورٹ/رہائشی ترقیاتی منصوبہ ہے۔

عارف حبیب نے عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ قائم کی تھی اور وہ فی الحال اس کے چیئرمین ہیں۔ وہ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے بھی چیئرمین ہیں۔

عارف حبیب ماضی میں کراچی سٹاک ایکسچینج کے صدر/چیئرمین کے طور پر چھ مرتبہ منتخب ہو چکے ہیں اور وہ سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے بانی ممبر اور چیئرمین بھی رہے ہیں۔

وہ ماضی میں پرائیویٹائزیشن کمیشن، بورڈ آف انویسٹمنٹ، ٹیرف ریفارمز کمیشن اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج آرڈیننس ریویو کمیٹی کے رکن کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

Scroll to Top