بھارت کے سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر کامریض پرتشدد،تھپڑ ، مکے برسا دیئے

بھارت کے سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر کی جانب سے مریض پر تشدد کی ایک افسوس ناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد شدید عوامی ردِعمل سامنے آگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شملہ میں اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) کے ایک ڈاکٹر کی جانب سے مبینہ تشدد کی چونکا دینے والی ویڈیو سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیں: بہار میں نقاب کھینچنے کا واقعہ، مسلم خاتون ڈاکٹر کا سرکاری ملازمت جوائن نہ کرنے کا فیصلہ

ویڈیو میں ڈاکٹر کو بیڈ پر لیٹے مریض کو تھپڑ اور مکے مارتا دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران مریض نے بھی مزاحمت کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کی شناخت ارجن پوار کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر اینڈوسکوپی کیلئے ہسپتال آیا تھا۔

اینڈوسکوپی کے بعد مریض کو سانس لینے میں دشواری ہوئی، جس پر وہ ایک دوسرے وارڈ میں جا کر سانس بحال کرنے کیلئے بستر پر لیٹ گیا۔ اسی دوران اس کی ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر سے مبینہ طور پر تلخ کلامی ہو گئی۔

مریض کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے پہلے ارجن کے ساتھ بدتمیزی کی اور پھر تلخ بحث کے بعد اس پر جسمانی تشدد کیا۔

واقعے کے فوراً بعد ہسپتال میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ مریض کے اہلخانہ اور عوام نے ملزم ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے ڈاکٹر کی معطلی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہٹیاں بالا: بچوں پر تشدد، متاثرہ خاندان انصاف کیلئے دربدر، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کے اہلِ خانہ نے پولیس میں باقاعدہ شکایت بھی درج کروا دی ہے اور قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔

عوامی ردِعمل کے پیش نظر آئی جی ایم سی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک اندرونی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Scroll to Top