مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر حکومت کی جانب سے سید عزادار حسین کو وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا پولیٹیکل اسسٹنٹ برائے کھیل، ثقافت اور امور نوجوانان تعینات کر دیا گیا ہے۔
پیر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، “صدر آزاد جموں و کشمیر نے سید عزادار حسین کاظمی کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں وزیر اعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ برائے کھیل، ثقافت اور امور نوجوانان کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔”
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کاظمی کو صوابدیدی تقرریوں (سروس کی شرائط و ضوابط) ایکٹ، 2023، مورخہ 15 دسمبر 2023 کے تحت BS-20 میں تعینات کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تقرری خالصتاً صوابدیدی اور عارضی نوعیت کی ہے۔ یہ وزیر اعظم کی مدت یا آزاد جموں و کشمیر حکومت کی مدت پوری ہونے پر بغیر کسی پیشگی اطلاع کے خود بخود ختم ہو جائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ تقرری مستقل ملازمت کا کوئی حق نہیں دیتی اور یہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی صوابدید سے مشروط رہے گی۔یہ تقرری قطعی عارضی نوعیت کی ہے اور اس سے مستقل تقرری یا تعیناتی کا حق پیدا نہیں ہوگا۔
دوسری جانب صدر آزاد جموں و کشمیر نے کرنٹ چارج بنیادوں پر ناظم مذہبی امور کی عارضی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر نے سید وجاہت حسین گردیزی، سینئر موسٹ ضلع مفتی (BS-18)، محکمہ مذہبی امور و اوقاف کو ناظم مذہبی امور کے طور پر کرنٹ چارج بنیادوں پر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
محکمہ تعلقات عامہ آزادکشمیر کے مطابق یہ تعیناتی آزاد جموں و کشمیر سول سرونٹس رولز، 1977 کے قاعدہ 8-10 کے تحت کی گئی ہے اور زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کے لیے ہوگی۔
نوٹفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تقرری عارضی نوعیت کی ہے اور اس سے مستقل تقرری یا اسامی کا حق پیدا نہیں ہوگا۔




